فیفا ورلڈ کپ 2026 اب اپنے فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں دنیائے فٹبال کی دو مضبوط ٹیمیں ارجنٹینا اور اسپین فائنل میچ میں ٹرافی جیتنے کے لیے ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں تاہم دوسرے ہاف تک دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم پورا زور لگانے کے باوجود کوئی گول نہیں کرسکی ہے۔
ارجنٹینا کی ٹیم چوتھی جب کہ اسپین دوسری بار ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اتری ہے۔ اس میچ میں لیونل میسی ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ لامین یامال اسپین کو 16 برس بعد دوبارہ عالمی چیمپئن بنانے کا خواب سجائے بیٹھے ہیں۔
اسپین کے لیے پہلے 45 منٹ کافی اچھے رہے کیونکہ چیزیں کافی حد تک ان کے منصوبے کے مطابق رہیں۔ اس دوران لا روخا (اسپین) نے بال پر کنٹرول برقرار رکھا اور آہستہ آہستہ ارجنٹینا کے دفاع کو توڑنے کی کوشش کی۔ لیکن گول کرنے کا کوئی موقع نہ ملا۔
ہاف ٹائم کے قریب اسپین نے کھیل کی رفتار تیز کر دی اور البیسیلیسٹی (ارجنٹینا ) کے بہتر دفاع کے باوجود اسپین کی پاسنگ اور کھیل میں مزید تیزی اور نکھار نظر آنے لگاتاہم، چار منٹ اضافی ملنے کے باوجود بھی کوئی گول نہ ہوسکا اور پھر ہاف ٹائم کی سیٹی بج گئی۔
کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی ارجنٹینا نے اپنا دفاع انتہائی مضبوط رکھا اور اسپین کے حملوں کو کامیاب نہ ہونے دیا۔
اسپین نے گروپ مرحلے میں سات پوائنٹس کے ساتھ اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا تھا۔ گروپ مرحلے میں اسپین نے سعودی عرب اور یوراگوئے کو شکست دی جب کہ کیپ وردے کے خلاف مقابلہ برابر رہا تھا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں اسپین نے آسٹریا کو 0-3 سے ہرایا پھر پرتگال کو بھی شکست دی۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ فائنل، پہلا ہاف ختم، کوئی گول نہ ہو سکا
کوارٹر فائنل میں بیلجیم کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسپین نے سیمی فائنل میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم سمجھے جانے والی فرانس کی ٹیم کو بھی 0-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
اس پورے عرصے میں بہترین ڈیفنس، نظم و ضبط کے ساتھ مقابلہ اور گیند پر مسلسل کنٹرول اسپین کی کامیابی کی بنیاد رہے۔
دوسری جانب ارجنٹینا نے گروپ مرحلے میں الجزائر، آسٹریا اور اردن کو شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی تاہم ناک آؤٹ مرحلہ اس کے لیے نسبتاً زیادہ مشکل ثابت ہوا۔
راؤنڈ آف 32 میں کیپ وردے کے خلاف میچ اضافی وقت تک گیا جب کہ مصر کے خلاف راؤنڈ 16 کے میچ میں بھی وہ آخری لمحات میں میچ میں واپس آیا اور فتح سمیٹی۔
ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو بھی اضافی وقت میں شکست دی جب کہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف آخری لمحات میں میچ میں واپسی نے ارجنٹینا کو مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل تک پہنچا دیا۔
ان تمام میچز نے 39 سالہ لیونل میسی نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس وقت گولڈن بوٹ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آج کے میچ میں دو گول اسکور کرنے کی صورت میں گولڈن بوٹ سمیت کئی منفرد ریکاڈز اپنے نام کرسکتے ہیں۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب اسپین اور ارجنٹینا آمنے سامنے ہیں۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار 1966 کے ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئی تھیں جہاں ارجنٹینا نے اسپین کو 1-2 سے شکست دی تھی۔
دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر 16 مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں، جن میں دونوں نے چھ، چھ میچ جیتے ہیں جب کہ دو مقابلے بے نتیجہ ختم ہوئے۔




