جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل )صدر خواتین ونگ پاکستان مسلم لیگ ن جہلم ویلی جویریہ اعوان نے کہا ہے کہ حلقہ نمبر LA-7 میں عام انتخابات میں ہماری پارٹی میدان مارے گی اور چوہدری رشید اپنی سیٹ آسانی سے جیتیں گے۔
انہوں نے اس اُمید کااظہار کیا کہ حلقہ 7 سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد اُمیدوار چوہدری رشید عوامی تائید اور مخلصانہ کارکردگی کی بنیاد پر اپنی سیٹ آسانی سے جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
جویریہ اعوان نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ نمبر 7 میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم پوری طاقت اور زور و شور سے جاری ہے۔
پارٹی کے تمام ونگز، بالخصوص خواتین ونگ، دن رات ووٹرز سے رابطے میں ہیں اور مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی منشور گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔
عوام کا جوش و خروش اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور ان کی مخلصانہ پالیسیوں پر کامل اعتماد رکھتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات:سردار نیاز خان ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل
انہوں نے خصوصی طور پر خواتین ووٹرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں حلقے کی تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ملکی ترقی اور علاقے کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین 27 جولائی کو پولنگ کے دن صبح سویرے ہی اپنے گھروں سے نکلیں، پولنگ اسٹیشنز پر اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور شیر کے نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی سیاست اور رائے دہی میں فعال شرکت ہی ایک مضبوط اور مستحکم معاشرے کی ضامن ہے۔
جویریہ اعوان نے انتخابی مہم کے آخری مراحل میں کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوہدری رشید کی عوامی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، اور مخالفین کو 27 جولائی کو عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یو سی جھنڈگراں، عوام کی بڑی تعداد مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑی ہے
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جہلم ویلی کی عوام ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کے سفر کا ساتھ دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ سنائے گی۔




