نورین نیازی

نورین نیازی کے بیان کی گودی میڈیا میں بھر پور کوریج ، غداری اور پاکستان دشمنی کی اس سے بڑی مثال کیا ہو سکتی ہے؟

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی ہمشیرہ نورین نیازی کے حالیہ بیانات اور ان پر بھارتی میڈیا کی غیر معمولی کوریج نے ملکی سیاست میں ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے ان بیانات کو ملکی سلامتی اور وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں نورین نیازی کی جانب سے دیے گئے بیانات کو بھارتی ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نمایاں کوریج دی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا ان بیانات کو پاکستان کے ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے اور ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نورین نیازی کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا نوٹس جاری، 20 جولائی کو طلبی

سیاسی تجزیہ کاروں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ذاتی اور سیاسی مفادات کی خاطر ایسے بیانات دینا، جن سے دشمن ممالک کو فائدہ پہنچے، ملکی سالمیت کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔

انکا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا پر منایا جانیوالا یہ جشن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ دانستہ یا نادانستہ طور پر پڑوسی ملک کے ایجنڈے کو تقویت دے رہا۔

دوسری جانب عوامی اور سماجی حلقوں میں بھی اس حوالے سے شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ جب ملک کی سالمیت پر سمجھوتہ کر کے روایتی حریف کو خوشیاں منانے کا موقع دیا جائے، تو اسے ملکی مفادات کیساتھ کھلا دھوکہ ہی کہا جا سکتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افواج پاکستان کیخلاف زہرافشانی اور مودی کی تعریف ، نورین نیازی کو این سی سی ائی اے کا نوٹس جاری

سیاسی حلقوں میں اب یہ سوال شدت سے اُٹھایا جا رہا ہے کہ ملکی سلامتی کیخلاف دیے جانے والے ان بیانات پر اگر دشمن ملک میں لڈیاں ڈالی جا رہی ہیں تو حب الوطنی اور ملکی وفاداری کے تقاضے کہاں گئے؟