افواج پاکستان کیخلاف زہرافشانی اور مودی کی تعریف ، نورین نیازی کو این سی سی ائی اے کا نوٹس جاری

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کو پاک فوج اور سرکاری اداروں کیخلاف مبینہ طور پر جعلی بیانیہ اور اشتعال انگیز بیان بازی کے الزام میں قانونی نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔

یہ نوٹس ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں سوشل میڈیا پر نورین نیازی سے منسوب ایک مبینہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے پاک فوج سے متعلق متنازعہ گفتگو کی ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر اسلام آباد کی جانب سے ضابطہ فوجداری (Cr.P.C.) کی دفعہ 160 کے تحت جاری کردہ نوٹس کے مطابق:

اسٹیٹ بنام نورین نیازی وغیرہ (RE-2031/2026)

مزید یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز پر حملے کرنیوالوں کوکوئی رعایت نہیں ملے گی، آئی جی لیاقت علی ملک

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ افراد ریاستی اداروں کو بدنام کرنے، جعلی بیانیہ بنانے اور سوشل میڈیا پر جھوٹا، جارحانہ اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

نورین نیازی اور حفیظ اللہ خان نیازی (جن کا پتہ 14 اپر مال، لاہور درج ہے) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 جولائی 2026 کو دوپہر 12:00 بجے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئےاین سی سی آئی اسلام آباد سینٹر ذاتی طور پر حاضر ہونے کا کہا گیا ہے ۔

ادارے کی تنبیہ: نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت پر عدم تعمیل کی گئی (یعنی وہ پیش نہ ہوئے) تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے، اور قانون کے مطابق یکطرفہ کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مودی چاہتا تو پاکستان کو دو منٹ میں فکس کر دیتا‘‘معرکہ حق میں کامیابی پر نورین خان کا متنازعہ بیان

یاد رہے کہ اس نوٹس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی تھی جس میں نورین نیازی کو مبینہ طور پر پاکستان کے خلاف متنازعہ بیانات دیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سائبر کرائم ایجنسی نے اب اس پورے معاملے اور ڈیجیٹل اسپیس میں پھیلائے جانے والے مواد کی باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا جس کے تحت نورین خان کو اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔