مظفرآباد: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے سینئر جج جسٹس رضا علی خان نے بطور قائم مقام چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ سپریم کورٹ کے معزز جج جسٹس خالد یوسف چوہدری نے ان سے اس اہم عہدے کا حلف لیا۔
یہ پروقار تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس ہائیکورٹ، دیگر معزز ججز، چیف الیکشن کمشنر، سابق ججز، اعلیٰ سرکاری حکام، بار کے نمائندگان، سینئر وکلاء اور جوڈیشل افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں سیکرٹری قانون محمد ادریس عباسی نے قائم مقام چیف جسٹس کی تقرری کا آفیشل نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا، جبکہ رجسٹرار سپریم کورٹ مظہر راٹھور نے تقریب کی نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی بحریہ کا اسرائیل ڈیزائن کردہ جدید ترین ڈرون گجرات میں تباہ
واضح رہے کہ جسٹس رضا علی خان، سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے چیف جسٹس، جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی ایکس پاکستان رخصت (ملک سے باہر روانگی) کے دوران آزاد جموں و کشمیر کے عبوری آئین کے تحت قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض سرانجام دیں گے۔




