آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے سلسلے میں نیلم ویلی کی سیاست میں ایک بڑی اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے نامزد امیدوار برائے اسمبلی حلقہ لوئر نیلم ویلی، سید ثقلین فدا کاظمی نے اپنے انتخابی ٹکٹ باقاعدہ طور پر ریٹرننگ آفیسرز کے پاس جمع کروا دیے ہیں۔
سید ثقلین فدا کاظمی نے حلقہ ایل اے 25 نیلم ون سے سردار تنویر الیاس اور حلقہ ایل اے 26 سے اپنے پارٹی ٹکٹ ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں جمع کروائے ہیں، جس کے بعد حلقے میں انتخابی معرکے کی صورتحال مزید واضح ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر الیکشن: 45 انتخابی حلقوں کے لیے 852 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری
ٹکٹ جمع کرانے کے ساتھ ہی لوئر نیلم ویلی کی سیاست میں اس وقت بڑا موڑ آیا جب حلقہ لوئر نیلم ویلی سے آزاد امیدوارِ اسمبلی خواجہ صدیق نے استحکام پاکستان پارٹی کے نامزد امیدوار سید ثقلین فدا کاظمی کے حق میں انتخابی میدان سے دستبردار ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
خواجہ صدیق کی دستبرداری اور حمایت کے بعد حلقے میں سید ثقلین فدا کاظمی اور استحکام پاکستان پارٹی کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہو گئی ہے۔ مقامی سیاسی حلقوں کے مطابق اس اہم فیصلے سے آئی پی پی کے ووٹ بینک میں نمایاں اضافہ ہوگا اور انتخابی دنگل میں انہیں واضح برتری حاصل ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔




