ڈڈیال:سابق وزیر حکومت چوہدری مسعود خالد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے پارٹی قیادت اور ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرچوہدری اظہر صادق پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔
پریس کانفرنس میں مسعود خالد نے الزام عائد کیا کہ اظہر صادق نے 75 کروڑ روپے کے عوض پارٹی ٹکٹ خریدا، جبکہ علاقے میں اربوں روپے کی لوٹ مار اور کرپشن کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں بڑا سیاسی دھماکا: سابق وزیر چوہدری اظہر صادق ن لیگ میں شامل
مسعود خالد نے اعلان کیا کہ وہ اظہر صادق کے خلاف بننے والے ہر سیاسی اتحاد کا فرنٹ لائن پر حصہ بنیں گے۔
سابق وزیر حکومت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت، نواز شریف اور شہباز شریف نے ٹکٹ فروخت کر کے ایک شرمناک تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو ٹکٹ کی ڈیل اور سودے بازی میں شامل تھے، وہ ملکی بدنامی کا سبب بنے ہیں۔
مسعود خالد نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ڈڈیال کی مخلصانہ خدمت کی ہے، لیکن آج ڈڈیال کرپشن، بجلی کی طویل بندش اور لاتعداد مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔
انہوں نے سنگین الزام لگایا کہ اظہر صادق کے لگائے ہوئے ایکسین شاہرات نے کرپشن کے پیسے سے بحریہ میں کروڑوں کا ٹاور کھڑا کر لیا ہے، جبکہ ڈڈیال کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کر تباہ ہو چکی ہیں، کیونکہ اظہر صادق ان افسران سے کرپشن کا باقاعدہ حصہ وصول کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈڈیال کی سیاسی صورتحال! پی ٹی آئی کے چوہدری اظہر صادق ن لیگ میں شامل، ٹکٹ ملنے پر تنازع کھڑا ہو گیا
انہوں نے اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں افسر شاہد، شعیب عابد سمیت تمام امیدواروں کو پیغام دیا کہ وہ ڈڈیال کو اس کرپشن سے نجات دلانے کے لیے اظہر صادق کے خلاف ایک گرینڈ الائنس قائم کریں، جس کی قیادت وہ خود فرنٹ پر آ کر کریں گے۔
مسعود خالد نے کہا کہ ایکشن کمیٹی والے ہمارے ناراض بچے ہیں، میں ان کے حقوق کی جنگ لڑوں گا،۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس ظلم کے خلاف عدالتوں، بار اور ہر ممکنہ فورم پر قانونی اور سیاسی مقدمہ لڑیں گے ۔




