مراکش نے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کینیڈا کو 0-3 سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور ایک سے زائد مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی۔
ہیوسٹن میں کھیلے گئے پہلے پری کوارٹر فائنل میں عزالدین اوناحی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ : ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیپ ورڈی کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ تاہم 50 ویں منٹ میں اشرف حکیمی کے فری کک پاس پر اوناحی نے باکس کے باہر سے زبردست شاٹ لگا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
82 ویں منٹ میں اوناحی نے براہیم دیاز کے پاس پر اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا جبکہ اضافی وقت کے آخری لمحات میں سفیان رحیمی نے تیسرا گول کر کے مراکش کی فتح یقینی بنا دی۔
اس کامیابی کے ساتھ مراکش مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔ اس سے قبل 2022 میں مراکش سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی پہلی افریقی ٹیم بھی بنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ ، آسٹریلیا کو شکست ، مصر نے پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی
کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ پیراگوئے اور فرانس کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
دوسری جانب ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان کینیڈا کا تاریخی سفر اختتام پذیر ہو گیا۔ کینیڈا نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کو 0-1 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلہ جیتتے ہوئے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔




