مسلم لیگ (ن) کی بڑی وکٹ گر گئی، راجہ مظہر قیوم استحکام پاکستان پارٹی میں شامل

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 31 کھاوڑہ مظفرآبادمیں سیاسی صورتحال دلچسپ رخ اختیار کر گئی ہے، مسلم لیگ(ن) کے اہم رہنما راجہ مظہر قیوم نے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

استحکام پاکستان پارٹی نے راجہ مظہر قیوم کو حلقہ ایل اے 31 کھاوڑہ سے اپنا امیدوار نامزد کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امیر مقام کی بڑی کامیابی، مرتضیٰ گیلانی چوہدری شہزاد کے حق میں دستبردار

راجہ مظہر قیوم معروف سیاسی شخصیت اور سینئر سیاست دان راجہ عبدالقیوم خان کے صاحبزادے ہیں، راجہ عبدالقیوم خان اور راجہ مظہر قیوم خان نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے حصول کے لیے بھی درخواست جمع کرا رکھی تھی تاہم پارٹی قیادت نے حلقہ کھاوڑہ سے راجہ ثاقب مجید کو ٹکٹ جاری کر دیا تھا۔

پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے بعد راجہ مظہر قیوم نے مسلم لیگ (ن) کو خیرباد کہہ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی اور اب وہ آئی پی پی کے پلیٹ فارم سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔

راجہ مظہر قیوم کی آئی پی پی میں شمولیت کے بعد حلقہ ایل اے 31 کھاوڑہ کی سیاسی صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی ہےکیونکہ راجہ عبدالقیوم خان کا خاندان مضبوط سیاسی پوزیشن رکھتا ہے اور اس کا مسلم لیگی امیدوار کو بھاری نقصان ہوگا۔

راجہ مظہر قیوم نے کشمیرڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد محترم نے حلقہ کے عوام کی خدمت کی ہے اور میں بھی سفر جاری رکھوں گا اور انشااللہ آئی پی پی کے پلیٹ فارم سے کامیابی حاصل کروں گا۔

سابق الیکشن میں راجہ مظہر قیوم خان نےمسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تھا جس پر قیادت نے ان کے والد راجہ عبدالقیوم خان کو ٹکٹ جاری کیا لیکن راجہ عبدالقیوم خان نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ٹکٹ واپس کردیا تھا کہ اگر راجہ نثار خان کے بیٹے کو ٹکٹ مل سکتا ہے تو میرے بیٹے کو ٹکٹ کیوں نہیں دیا گیا۔

ناراضگی کے باوجود راجہ عبدالقیوم خان نے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار راجہ ابرار کو سپورٹ کیا تھالیکن اب مسلم کانفرنس سے مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونیوالے راجہ ثاقب مجید ٹکٹ لےاڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:حلقہ کھاوڑہ میں راجہ ثاقب مجید کا طوفانی دورہ، پیپلز پارٹی کے سیاسی گڑھ ’میرا جانکی‘ سے درجنوں افراد ن لیگ میں شامل

راجہ ثاقب مجید نے چوہدری شفقت ایڈووکیٹ، راجہ ابرار ایڈووکیٹ، راجہ شوکت اقبال کو تو منا لیا لیکن راجہ عبدالقیوم خان کا خاندان نہیں مانا اورانہوں نے مسلم لیگ(ن) سے راہیں جداکرلی ہیں جو پارٹی کیلئے شدید دھچکا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق راجہ مظہر قیوم خان کے میدان میں اترنے سے راجہ ثاقب مجید کو بڑاجھٹکا لگے لگا اور مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے کیونکہ حلقہ میں قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر بھی مضبوط پوزیشن پر موجود ہیں ۔