اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائشگاہ پر حلقہ LA-28 مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر مرتضیٰ گیلانی نے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران تفصیلی گفتگو کے بعد مرتضیٰ گیلانی نے فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ہی رہیں گے اور مسلم لیگ (ن) کے مفاد میں دونوں حلقوں( لچھراٹ اور سٹی) سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فاروق سکندر انجینئر امیر مقام کی درخواست پر انتخابات سے دستبردار
مرتضیٰ گیلانی نے کہا کہ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے متعدد پیشکشیں موصول ہوئیںتاہم انہوں نے تمام آفرز مسترد کرتے ہوئے ذاتی مفاد کے بجائے پارٹی مفاد کو ترجیح دی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے مرتضیٰ گیلانی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کا اور ان کے ساتھیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارٹی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینا قابلِ قدر عمل ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم اور ہماری جماعت اپنے ساتھیوں کے ساتھ وفا نبھائیں گے اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔اس موقع پر سردار طارق بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ سابق الیکشن میں حلقہ لچھراٹ سے چوہدری شہزاد نے عین الیکشن کے موقع پر مسلم لیگ(ن) کو خیرآباد کہہ دیا تھا جس پر سید مرتضی گیلانی نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کی اورٹکٹ پر الیکشن بھی لڑا۔
الیکشن میں چوہدری شہزاد اور مرتضیٰ گیلانی دونوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑااور پیپلزپارٹی کے بازل نقوی کامیاب ہوئے تھے۔
اب چوہدری شہزاد لابنگ کرکے واپس مسلم لیگ(ن) میں آ گئے ہیں اور ٹکٹ بھی لے لیا ہے جس پر مرتضی گیلانی سخت ناراض تھے اور ہر صورت الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن گزشتہ روز بڑی پیشرفت ہوئی اور وہ دستبردار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر انتخابات،ن لیگ کی حکمت عملی تیار،نوازشریف جلسوں سے خطاب کرینگے
چوہدری شہزاد کی واپس مسلم لیگ(ن ) میں شمولیت کی آزادکشمیر کی لیگی قیادت نے سخت مخالفت کی تھی اور حتی ٰ کہ شمولیت کی تقریب میں کوئی بھی آزادکشمیر کا رہنما شریک نہیں ہوا تھاکیونکہ سابق الیکشن میں مسلم لیگ(ن)کے کابینہ ارکان نے حلف اٹھایا تھا کہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے اس کے باوجود چوہدری شہزاد پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے تھے۔
چوہدری شہزاد کی شمولیت کے موقع پر ان کی برادری کے ن لیگی رہنما ہی موجود تھے جن میںوزیر امور کشمیر امیر مقام، وزیر مذہبی امور سرداریوسف کے فرزندشاہجہاں یوسف، ایم این اے ملک ابرار شامل تھے۔




