کوششوں

وزیراعظم شہبازشریف کی مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بنانے کی ہدایت

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کے قیام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ای سی سی اجلاس، دانش سکولوں، کشمیری مہاجرین کیلئے اربوں روپے منظور

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔

وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کومظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا Tech کیمپس بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیراعظم نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور ازاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے، دانش سکولوں اور یونیورسٹی میں تدریسی اور دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کی جائے۔

وزیراعظم نے دانش سکولوں کی تعمیر کے حوالے سے تیز پیشرفت پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ٹیم کی پذیرائی کی۔

وزیراعظم کو خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں 27دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔

افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دانش سکول کری اسلام آباد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور سکول میں تدریس کا آغاز ہو چکا ہے۔

باغ، بھمبر، سلطان آبادگلگت، گانچھے اور استور میں دانش سکولوں کی تعمیر مکمل ہونے کو ہے اور اپریل 2027 سے کلاسز شروع ہو جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:نجکاری کی تاریخ کا سنگ میل ، پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول منتقل کردیا، وزیراعظم شہبازشریف

دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے ۔دانش یونیورسٹی میں2027 سے کلاسز کا آغاز ہو گا اور ملک بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں سے میرٹ کی بنیاد پر طلباء کو داخلہ دیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔