بینک دولت پاکستان (اسٹیٹ بینک آف پاکستان) نے اپنی نوتشکیل شدہ آفیشل ویب سائٹ کے باقاعدہ افتتاح کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ جدید ترین ویب سائٹ آج بدھ یکم جولائی 2026ء سے لائیو کر دی گئی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے آفیشل لنک www.sbp.org.pk پر دستیاب ہے۔
اسٹیٹ بینک کی اس نوتشکیل شدہ ویب سائٹ کے ذریعے عام شہریوں، کاروباری اداروں، مالیاتی اداروں، محققین، صحافیوں اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کو تیز رفتار، آسان اور انتہائی صارف دوست ڈیجیٹل سہولت میسر آئے گی۔
ڈیجیٹل انقلاب کا اہم سنگ میل:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی نئی ویب سائٹ کو ایک جدید، محفوظ اور شمولیتی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو صارف کو اسٹیٹ بینک کے بارے میں تمام مطلوبہ معلومات تک مزید آسان رسائی فراہم کرے گا۔ اسٹیٹ بینک جس ڈیجیٹل انقلاب کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اس ویب سائٹ کا باقاعدہ آغاز اس ایجنڈے میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم فراڈ پر اسٹیٹ بینک کا بڑا ایکشن؛ بینکوں کے لیے سخت ہدایات جاری
یہ اقدام مرکزی بینک کے اس عزم کا بھی واضح عکاس ہے کہ شفافیت، جدت طرازی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامقصد رابطے میں مستقل تسلسل برقرار رہے۔ وسیع تحقیق اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد تیار کی جانے والی اس ویب سائٹ کو جامع انداز میں دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ استعمال کرنے والوں کی متنوع ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔
جدید انٹرفیس اور توسیعی سرچ انجن:
مرکزی بینک کی ویب سائٹ کا نیا انٹرفیس انتہائی سادہ رکھا گیا ہے جس سے براؤزنگ کرنا بہت آسان ہو گیا ہے، اور یہ صارفین کو معلومات تک زیادہ تیزی سے اور مؤثر رسائی کے قابل بناتا ہے۔ ویب سائٹ میں توسیع شدہ سرچ کا جدید طریقہ کار اور فلٹرنگ آپشنز بھی شامل کیے گئے ہیں جن کے ذریعے ڈیٹا، سرکلرز، ضوابط، مطبوعات، پریس ریلیز اور دیگر سرکاری مواد کی تلاش کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے۔
یہ ویب سائٹ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور دیگر تمام تکنیکی آلات سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے جو صارفین کو بلا تعطل براؤزنگ کی بہترین سہولت یقینی بنائے گی۔
اردو اور انگریزی زبانوں میں دستیابی:
وسیع تر شمولیت اور عوام الناس کی رسائی کو فروغ دینے کے لیے اس ویب سائٹ کا انٹرفیس انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں دستیاب کیا گیا ہے، اور صارفین اپنی ترجیح کے مطابق ویب سائٹ کی زبان کو کسی بھی مرحلے پر آسانی سے بدل سکیں گے۔ اسے ویب مواد تک رسائی کے رہنما اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس کی بدولت خصوصی افراد بھی زیادہ بہتر طریقے سے اس تک رسائی حاصل کر کے اسے استعمال کر سکتے ہیں۔
صارف کے بہتر تجربے کی بنیاد میں ایک نوتنطیم شدہ معلوماتی ڈھانچہ موجود ہے، جس میں زری پالیسی، مالی مارکیٹ ڈیٹا، بینکاری ضوابط اور اسٹیٹ بینک کے دیگر وظائف جیسے اہم شعبے شامل ہیں، جنہیں زیادہ منطقی اور سہل انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ پرانے مواد تک بھی رسائی دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سٹیٹ بینک آف پاکستان کا یکم جولائی کو ملک بھر میں بینک تعطیل کا اعلان
شفافیت اور مالی خواندگی کا فروغ:
یہ جدید ویب سائٹ اسٹیٹ بینک کی عوام الناس کے ساتھ مؤثر رابطے کی استعداد کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ یہ مؤثر، شفاف اور شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادے کے بینک کے وسیع تر وژن کی معاونت کرے گی۔
مستند معلومات اور ڈیجیٹل وسائل تک رسائی کو زیادہ آسان بنا کر یہ ویب سائٹ مالی خواندگی اور مالی شمولیت کو فروغ دے گی، نیز تمام اسٹیک ہولڈرز کو باخبر فیصلے کرنے میں، اور مالی نظام کے ساتھ مضبوط تعلق بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
پرانے ورژن کی عارضی دستیابی:
نئی ویب سائٹ میں ادارے سے متعلق معلومات، مطبوعات اور دیگر تمام وسائل کو ایک بہتر اور صارف دوست انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ تاہم، جو اسٹیک ہولڈرز ویب سائٹ کے سابقہ انٹرفیس کو دیکھنا چاہیں، ان کی سہولت کے لیے ویب سائٹ کا پرانا ورژن نئے ہوم پیج پر ایک خصوصی لنک کے ذریعے 15 جولائی 2026ء تک دستیاب رہے گا۔




