اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں اے ٹی ایم فراڈ کی روک تھام اور صارفین کے مالی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام کمرشل بینکوں کو نئی اور سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بینکنگ سکیورٹی کو بہتر بنانا اور غیر مجاز لین دین کا خاتمہ کرنا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ نئی گائیڈ لائنز کے تحت تمام کمرشل بینکوں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی اے ٹی ایم مشینوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو 24 گھنٹے فعال رکھیں۔ اس کے ساتھ ہی، مرکزی بینک نے کمرشل بینکوں کو ایک ایسا فول پروف الرٹ سسٹم بنانے کی ہدایت کی ہے جو صارفین کے بینک اکاؤنٹس یا اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز میں کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی کا پتہ چلتے ہی کھاتہ دار کو فوری طور پر ایس ایم ایس یا کال کے ذریعے مطلع کرے۔
یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم یا بینک سے پیسے نکلوانے والے ہو جائیں ہوشیار
کھاتہ داروں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے اور کارڈ کلوننگ جیسے خطرات کو کم کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے تمام مالیاتی اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی معیار کے مطابق چپ اور پن والے کارڈز جاری کریں۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارڈز کو ہیک کرنا یا ان کا ڈیٹا چوری کرنا ناممکن ہو جائے گا، جس سے صارفین کا سرمایہ محفوظ رہے گا۔
مرکزی بینک نے بینکنگ نیٹ ورکس کے مابین محفوظ، خفیہ اور انکرپٹڈ رابطے کو برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا ہے۔ ہدایات کے مطابق تمام کمرشل بینکوں کے لیے اے ٹی ایم سسٹمز اور بینکنگ سافٹ ویئر کی باقاعدہ اپ ڈیٹس لازمی ہوں گی، جبکہ اے ٹی ایم مشینوں کے اندر جدید ترین حفاظتی آلات نصب کیے جائیں گے جو کسی بھی قسم کے فراڈ، ہیکنگ ڈیوائس یا ڈیٹا چوری کرنے والے آلات کا فوری پتہ لگا کر اس کی روک تھام کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ، برینٹ کروڈ 98 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا
اسٹیٹ بینک نے اے ٹی ایم فراڈ کا شکار ہونے والے صارفین کو گائیڈ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وہ فوراً اپنے متعلقہ بینک کی ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے اپنا کارڈ بلاک کروائیں اور شکایت درج کرائیں۔ مرکزی بینک نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر متعلقہ بینک میں شکایت کے اندراج کے باوجود صارف کا مسئلہ حل نہ ہو، تو کھاتہ دار انصاف اور رقم کی واپسی کے لیے براہِ راست اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے آن لائن شکایت پورٹل کے ذریعے اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔



