زمین

لاہور، کاہنہ سانحہ کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہاکہ بطور ماں وہ متاثرہ والدین کی تکلیف اور اذیت کا بخوبی اندازہ کر سکتی ہیں، تاہم اس المناک سانحے پر اپنے جذبات کے اظہار کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق

انہوں نے کہاکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی تھیں، جن کے نتیجے میں 20 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ 14 قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی المناک اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے، جس کا دکھ پوری قوم محسوس کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیاکہ اس افسوسناک سانحے کے ذمہ دار کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سمیت دیگر نجی عمارتوں کے حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لینے کی بھی ہدایت جاری کی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کا اہم ترین اجلاس کل لاہور میں طلب

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی تاکہ شہریوں، بالخصوص بچوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ کاہنہ کے ایک گھر میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ٹیچر سمیت 6 کو زندہ نکال لیا گیا۔