پشاور، حسن خیل میں خوارج کا ڈرون حملہ،6شہری شدید زخمی

پشاور کے علاقے حسن خیل میں خوارج کی جانب سے شہریوں پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے جس میں 6 عام شہری شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل کے گاؤں پستوانہ میں خوارج کی جانب سے سول آبادی پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 6 مقامی شہری شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی فائٹر پائلٹ کے ایرانی ڈرونز سے متعلق انکشافات نے کھلبلی مچا دی

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پشاور منتقل کر دیا گیاجہاں انہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مزید علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے افراد پرامن مقامی شہری اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے حامی تھے۔ وہ کئی مواقع پر خوارج کے خلاف کھل کر آواز بھی اٹھا چکے تھے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مقامی آبادی کو خوفزدہ کرنے اور دھمکانے کے لیے خوارج نے اپنے مذموم عزائم کے تحت انہیں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے کا یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ یہ دہشت گرد عناصر عام عوام کے دشمن ہیں اور اپنے مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالنے سے دریغ نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن ’’غضب الحق‘‘:سیکیورٹی فورسز کی افغانستان میں دہشتگرد ٹھکانوں پر کارروائی، متعدد اہداف کامیابی سے تباہ

بچوں، خواتین اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا فتنہ الخوارج کی انسان دشمن سوچ اور بزدلانہ کارروائیوں کا واضح ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے بہادر عوام اور افواج خوارجی فتنے کے خلاف متحد ہیں اور انشاء اللہ آخری خوارجی کے خاتمے تک ان خوارجین کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔