اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی نے قانون ساز اسمبلی کیلئے مزید2انتخابی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے جن دو امیداروں کو ٹکٹس جاری کئے ہیں ان میں ایل اے6 بھمبر 2سماہنی سے میجر (ر) خضر رحمان راجہ اور ایل اے42ویلی 3کشمیر ویلی سے عاصم شریف بٹ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ ن کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کا اہم ترین اجلاس کل لاہور میں طلب
سماہنی سےسابق وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی نے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کے باوجود ٹکٹ کیلئے اپلائی نہیں کیا تھااور نہ ہی وہ انٹرویو میںشامل ہوئے تھے جس پر میجر(ر) خضر رحمان راجہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
ایل اے42ویلی 3سےسابق وزیر حکومت عاصم شریف بٹ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ، عاصم شریف بٹ پر مسلم لیگ(ن) کے رہنما سید شوکت علی شاہ نے سٹیٹ سبجیکٹ جعلی ہونے کا الزام لگایا تھا اور ان کیخلاف عدالتی فیصلہ بھی آیا تھا۔
دوسری طرف حلقہ وسطی باغ، پاچھیوٹ،ا پر نیلم، بھمبر اور کھوئیرٹہ کے ٹکٹ ابھی تک جاری نہیں کئے گئے ،ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس پیپلزپارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرچکے ہیں جبکہ کچھ رہنما ان کو راضی کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حلقہ بھمبر سے کسی امیدوار نے پیپلزپارٹی ٹکٹ کیلئے اپلائی ہی نہیں کیا جبکہ حلقہ کھوئیرٹہ میں وزیر اطلاعات رفیق نیئر اور سابق وزیر حکومت چوہدری مطلوب انقلابی مرحوم کے فرزند ولید انقلابی کے مابین ٹکٹ کا سخت مقابلہ ہے جس پر 3رکنی کمیٹی قائم کی گئی جو ابھی تک فیصلہ نہیں کرسکی۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی نے 8 حلقوں کے ٹکٹ کیوں روکے؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر،پی پی رہنما ندیم اصغر کائرہ اورسینئر صحافی عامر محبوب شامل ہیں، کمیٹی کی کوشش ہے کہ دونوں امیدواروں کو راضی کرکے کسی کو ٹکٹ جاری کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیرکے صدر چوہدری محمد یاسین ولید انقلابی کو ٹکٹ دلوانا چاہتے ہیں جبکہ گوجر برداری کے زعما چاہتے ہیں رفیق نیئر کی صورت میں مضبوط امیدوار میدان اتارا جائے۔




