اسلام آباد:ڈڈیال سے ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر چودھری اظہر صادق آج بروز پیر صبح 10بجے پاکستان مسلم لیگ میں باقاعدہ شمولیت اختیار کریں گے جبکہ دوسری طرف بریگیڈیئر (ر) محمد خان سمیت اہم رہنما آج شام کو مسلم لیگ(ن) کو خیرآباد کہہ دینگے۔
تفصیلات کے مطابق ڈڈیال سے ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر چودھری اظہر صادق کے بالآخر مسلم لیگ(ن) کیساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور دن کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وہ مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اظہر صادق،چوہدری شہزاد کی ن لیگ میں شمولیت کی بازگشت پرہلچل
مسلم لیگ(ن) نے اظہر صادق کی شمولیت کے باعث حلقہ ڈڈیال کا ٹکٹ بھی روکے رکھا اور سابق وزیر حکومت چوہدری مسعود خالد، امیدوار اسمبلی شعیب عابد راجا کو نظرانداز کرکے چودھری اظہر صادق کو ٹکٹ دیا جا رہا ہے ، اظہر صادق کو ٹکٹ ملنے پر آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہو جائیگا۔
حلقہ لچھراٹ سے چوہدری شہزاد اور حلقہ ڈڈیال سے چوہدری اظہر صادق کو آج ہی باضابطہ ٹکٹ جاری کئے جانے کا امکان ہے حالانہ معاملات کافی دن پہلے طے پا چکے تھے دوسری طرف ان دونوں حلقوں کے امیدواروں کی طرف سے سخت ردعمل متوقع ہے۔
ادھرحلقہ وسطی باغ میں سابق وزیر حکومت مشتاق منہاس کیخلاف تما م مسلم لیگی متحد ہو گئے ہیں اور بریگیڈیئر(ر) محمد خان سمیت اہم رہنماآج جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کریں گے
جماعت اسلامی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بریگیڈیئر(ر) محمد خان کی شمولیت کی تقریب آج بروز پیر، 29 جون 2026 کو مرکز اسلامی کھنہ اسلام آباد میں ہوگی۔
سابق امیدوار اسمبلی نثار احمدشاہق سمیت مسلم لیگ(ن) کےکئی عہدیدار جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹکٹوں کی تقسیم ،ن لیگ کے نارض ارکان کی بغاوت ، بڑے فیصلے کر لئے
تقریب میں ریاست کے ممتاز سیاسی رہنما اور سابق وزیر حکومت راجہ محمد یاسین خان بھی شرکت کریں گے، جو حلقہ وسطی باغ سے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کریں گے لیکن وہ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیارنہیں کرینگے۔
تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیرجماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرڈاکٹر محمد مشتاق خان ،سابق امیرجماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی بھی شریک ہوں گے۔




