ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ،کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر گل فیروزہ کی سرزنش، ڈی میرٹ پوائنٹ مل گیا

پاکستان ویمن ٹیم کی اوپنر گل فیروزہ کے خلاف آئی سی سی ویمن ٹی 20ورلڈ کپ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں سرزنش اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق گل فیروزہ نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں لیول ون ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کو مسلسل تیسری شکست، بنگلادیش نے 23 رنز سے ہرا دیا

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ گل فیروزہ آؤٹ ہونے کے بعد مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم ڈگ آؤٹ کے قریب جارحانہ انداز میں اپنا بیٹ اور گلوز پھینک بیٹھی تھیں، جسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستانی بیٹر نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے اور مجوزہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

ضابطہ اخلاق کے تحت لیول ون خلاف ورزی پر کھلاڑی کو سرزنش، جرمانہ یا ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔ گل فیروزہ کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا دی ہنڈرڈ کھیلنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں

واضح رہے کہ ڈی میرٹ پوائنٹس ایک مخصوص مدت تک کھلاڑی کے ریکارڈ کا حصہ رہتے ہیں اور ان کی تعداد بڑھنے کی صورت میں سخت پابندیوں یا معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔