انجمن تاجران وادی نیلم کے صدر اور مقامی ممبر شاہنواز اعوان نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے باقاعدہ طور پر اپنی لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وادی نیلم کی اہم تجارتی شخصیت اور انجمن تاجران کے مرکزی عہدیدار شاہنواز اعوان، جو کہ مقامی طور پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے سرگرم ممبر کے طور پر کام کر رہے تھے، انہوں نے اب اس کمیٹی سے الگ ہونے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں شرکت و معاونت پر کریک ڈاؤن ، درجنوں سرکاری ملازمین معطل
شاہنواز اعوان کا اپنے ویڈیوبیان میں کہا کہ یہ بنیادی طور پر عوامی حقوق کی ایک تحریک تھی، جس کی ایک باقاعدہ ایس او پی (SOP) طے تھی کہ کسی بھی حکومتی ادارے کو برا بھلا کہے بغیر صرف اور صرف عوامی حقوق کی بات کی جائے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اب کیونکہ یہ تنظیم باقاعدہ طور پر کالعدم ہو چکی ہے، اسی وجہ سے ہم اس کے ساتھ اپنی مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کمیٹی کی تمام تر سرگرمیوں اور رکنیت سے خود کو باضابطہ طور پر الگ کرنے کا واضح فیصلہ کر لیا ہے۔




