سونا خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں آج (جمعرات) کو بھی مسلسل کمی کا رجحان برقرار رہا ہے، جس کے بعد قیمتیں سات ماہ سے زائد عرصے کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
ماہرینِ معاشیات کے مطابق امریکی ڈالر کی مسلسل مضبوطی اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات نے سونے کی قیمت پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ 0.4 فیصد کمی کے بعد 3,985.89 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا، جبکہ دعسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز برائے اگست 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,001.60 ڈالر فی اونس پر آ گئے۔
اہم سطح سے نیچے گراوٹ اور سرمایہ کاروں کا رجحان گزشتہ روز سونے کی قیمت پہلی بار نومبر 2025 کے بعد 4 ہزار ڈالر فی اونس کی اہم سطح سے نیچے گر گئی تھی۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے اور شرح سود بڑھنے کے واضح امکانات نے سرمایہ کاروں کو سونے سے دور کر دیا ہے، جس کا اثر قیمتوں پر صاف نظر آ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ کو بڑا جھٹکا، سونے کی قیمتیں گر کر کم ترین سطح پر پہنچ گئیں
سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق، سرمایہ کار رواں سال فیڈرل ریزرو کی جانب سے تین مرتبہ شرح سود میں اضافے کی توقع کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ستمبر کے مہینے میں شرح سود بڑھنے کے امکانات اب تقریباً 67 فیصد تک پہنچ چکے ہیں، جس نے مارکیٹ کے رجحان کو تبدیل کر دیا ہے۔
ڈالر کی 13 ماہ کی بلند ترین سطح اور معاشی اثرات دوسری جانب، امریکی ڈالر مسلسل تیسرے روز مضبوط ہوا ہے اور 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ڈالر کے اس استحکام کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔ ادھر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے فیڈرل ریزرو کے پالیسی سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران تنازع کے مہنگائی پر ممکنہ اثرات کو بھی مدنظر رکھیں۔
سرمایہ کار اب امریکی پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچر (PCE) ڈیٹا کے منتظر ہیں، جسے فیڈرل ریزرو مہنگائی کا اہم اشاریہ تصور کرتا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں پر دباؤ کی ایک بڑی وجہ بانڈ مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی پیداوار بھی ہے، جس کے باعث سرمایہ کار زیادہ منافع دینے والے اثاثوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ چونکہ سونا براہِ راست منافع نہیں دیتا، اس لیے فی الوقت اس کی کشش میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: بڑی خوشخبری، فی تولہ سونا 10 ہزار 400 روپے سستا ہو گیا
دیگر قیمتی دھاتوں کی صورتحال سونے کے ساتھ ساتھ دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ مارکیٹ رپورٹ کے مطابق چاندی کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 57.33 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ پلاٹینم 0.2 فیصد گر کر 1,575.85 ڈالر فی اونس پر آ گیا ہے۔ اس کے برعکس، پیلیڈیم کی قیمت میں 0.3 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھا گیا اور وہ 1,170.25 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا ہے۔




