فیصل جمیل کاشمیری نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے اپنی راہیں جدا کر لیں

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما فیصل جمیل کاشمیری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ چونکہ ہماری تنظیم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ریاست نے کالعدم قراردیدیا ہے اس لئے میں اس تحریک اور تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں ۔

فیصل جمیل کاشمیری نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم عوامی حقوق کیلئے جہدوجہد کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔ ہمارا مقصد عوامی خدمت ہے جیسا کہ بہت سے لوگ مجھے جانتے بھی ہیں کہ آئین کے دائرے میں رہ کر ہم نے عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کی ۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ان کا اس تنظیم کے کسی بھی فیصلے، سرگرمی یا بیان سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ عوامی خدمت اور خطے کے مسائل حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور مستقبل کے سیاسی لائحۂ عمل کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

فیصل جمیل کاشمیری کا مزید کہنا تھا کہ میں نوجوانوں سے کہنا چاہوں گاکہ ہماری جدوجہد عوامی تھی ہم نے آٹا، چینی، بجلی پر سبسڈی لی، آٹا گندم کی سبسبڈی پنجاب کو نہیں مل رہی تو کشمیریوں کو خصوصی سبسڈی دی گئی

مزید یہ بھی پڑھیں:صدر انجمن تاجران شوکت کھوکھر کا کالعدم ایکشن کمیٹی لاتعلقی کا اعلان

فیصل جمیل کاشمیری کا مزید کہنا تھا کہ بجلی پر سبسڈی پاکستانی شہریوں کو حاصل نہیں تو ہمارے مطالبات پر کشمیری عوام تین روپے یونٹ بجلی لے رہے ہیں ۔

فیصل جمیل کاشمیری کا کہنا تھا کہ جب 36 ہمارے مطالبات جمہوری طریقے سے ہمیں مل گئے تو پھر پاکستان کیخلاف نعرے بازی اور پاک فوج کیخلاف ہرزا سرائی بے معانی اور لایعنی مطالبات انتہائی نامناسب ہیں

فیصل جمیل کاشمیری کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے ۔ افواج پاکستان ہی کشمیری قوم کی محافظ ہے ۔ ہم کسی صورت پاکستان کیخلاف کسی قسم کا منفی پروپیگنڈا برداشت نہیں کرسکتے ۔

فیصل جمیل کاشمیری نے نوجوانوں کو اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان مخالف بیانیہ سے پیچھے ہٹیں اور جمہوری پراسیس میں حصہ لے کر عوامی خدمت کے عمل کو جاری رکھنے میں آنیوالی حکومت کا ساتھ دیں ۔