عباسپور، یاسین گلشن کو ن لیگ کا ٹکٹ جاری، اسامہ زاہد کا حمایت کا اعلان

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے آزادکشمیر کے ایک حلقہ عباسپور کا ٹکٹ سینئر مسلم لیگی رہنماچوہدری یاسین گلشن کو جاری کردیا ہے۔

عباسپور کے ٹکٹ کا چوہدری یاسین گلشن اور سردار اسامہ زاہد کے مابین سخت مقابلہ متوقع تھا اور آخروفاقی وزراء انجینئر امیر مقام اور راناثنااللہ خان نے سردار اسامہ زاہد کو منالیا۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پر بریگیڈیئر (ر) محمد خان، راجہ محمد یاسین کا ایکا،جماعت اسلامی بھی حمایت میں سامنے آ گئی

سردار اسامہ زاہد نے چوہدری یاسین گلشن کی مکمل کا حمایت اعلان کردیا ہے جبکہ چوہدری یاسین گلشن کا کہنا ہے اسامہ زاہد میرا چھوٹا بھائی ہے ، ہم مل کر انتخابی مہم چلائیں گے اور کامیابی حاصل کرینگے۔

انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر سردار اسامہ زاہد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سردار اسامہ زاہد نے پوری پارٹی پر احسان کیا ، ہم سب سردار اسامہ زاہد کے مشکور ہیں کیونکہ دونوں کے الیکشن لڑنے پر ہماری سیٹ خطرے میں تھی۔

یہ وہ حلقہ تھا جس پر نہ صرف مقامی بلکہ پورے آزاد کشمیر کی سیاسی نظریں مرکوز تھیں اور امیدوار اسامہ زاہد کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں۔

سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ اس حلقے سے ٹکٹ کے مضبوط امیدوار سمجھے جانے والے اسامہ زاہد پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

عباس پور کے حلقے میں چوہدری یاسین گلشن کو ٹکٹ ملنے کے بعد سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھ گیا ہے اور انتخابی مقابلے میں نئی صف بندیاں متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:راجہ طالب ایڈووکیٹ مسلم لیگ ن مجلس عاملہ کے عہدے،بنیادی رکنیت سے مستعفی

مسلم لیگ (ن) نے ابتدائی طور پر آزادکشمیر کے 29حلقوں کے ٹکٹس جاری کئے تھے، عباسپور، راولاکوٹ ،ڈڈیال اور مظفرآباد لچھراٹ کے ٹکٹ روک لئے گئے تھے ، اب قیادت کی جانب سے راولاکوٹ اور عباسپور کے ٹکٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لچھراٹ سے چوہدری شہزاد اور ڈڈیال سےچوہدری اظہر صادق کو ٹکٹ جاری کیا گیا لیکن باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ۔