لندن (کشمیر ڈیجیٹل)برطانیہ میں مقیم 20 سالہ کشمیری نژاد نوجوان خاتون فلک راجہ کو دولتِ مشترکہ کے لیے برطانیہ کی نوجوان سفیر منتخب کر لیا گیا ہے، جسے نوجوان قیادت اور سماجی خدمات کے میدان میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
فلک راجہ انگلینڈ کے شہر نیلسن کی رہائشی ہیں اور وہ یوتھ کونسل یو کے کے نو تشکیل شدہ ایگزیکٹو بورڈ میں چار نوجوان سفیروں میں شامل ہوں گی۔ اس حیثیت میں وہ نوجوانوں کے مسائل، حقوق اور ترجیحات کی عالمی سطح پر نمائندگی کریں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کی حدود میں 10دن کیلئے دفعہ144نافذ،نوٹیفکیشن جاری
منتخب ہونے کے بعد اپنے بیان میں فلک راجہ نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد فخر اور عاجزی محسوس کرتی ہیں۔ ان کے مطابق سماجی انصاف، مساوات اور تعلیم کے ذریعے زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا جذبہ ہمیشہ ان کی جدوجہد کا مرکز رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ اور دنیا بھر کے نوجوانوں کی مؤثر آواز بننے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ نوجوانوں کی آراء اور مطالبات نہ صرف سنے جائیں بلکہ فیصلہ سازی کے عمل میں بھی ان کی حقیقی نمائندگی ہو۔
یوتھ کونسل یو کے کے ایگزیکٹو بورڈ میں 16 سے 25 سال عمر کے 19 نوجوان شامل ہیں۔ یہ بورڈ برطانیہ، کراؤن ڈپنڈنسیز اور سمندر پار علاقوں میں موجود 200 سے زائد نوجوان تنظیموں کے نیٹ ورک کی نمائندگی کرتا ہے، جو تقریباً 78 لاکھ نوجوانوں تک رسائی رکھتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شوکت نواز میر، عمر نذیر اور امان ادریس کی بھارتی سہولت کار سے خفیہ کال پکڑی گئی،نئی منصوبہ بندی کا انکشاف
دو سالہ مدت کے لیے منتخب ہونے والا یہ بورڈ اپنی ابتدائی ترجیحات کا تعین رکن تنظیموں سے مشاورت کے بعد کرے گا۔ نوجوان رہنماؤں کی معاونت اور رہنمائی کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ایک مشاورتی بورڈ بھی قائم کیا جائے گا۔
یوتھ کونسل یو کے کا قیام 2025 میں نوجوانوں کی قومی نمائندگی کے پلیٹ فارم کے طور پر عمل میں آیا تھا۔ ادارے کا مقصد نوجوانوں کو جمہوری اور مؤثر انداز میں اپنی آواز بلند کرنے کے مواقع فراہم کرنا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ان کی نمائندگی کو مضبوط بنانا ہے




