پیاس

پیاس کی عالمی سطح پر بڑی کامیابی، کیو ایس رینکنگ میں نمایاں بہتری کے ساتھ 560ویں پوزیشن حاصل کرلی

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز( پیاس)جو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت ملک کا ایک ممتاز اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی ادارہ ہے، نے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے ۔

تازہ ترین کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز میں ادارے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں 560ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے ۔

یہ پیش رفت ادارے کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے کیونکہ پیاس نے اپنی سابقہ درجہ بندی 721 سے 730 کے بینڈ سے نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے عالمی تعلیمی معیار میں اپنی مضبوط موجودگی ثابت کی ہے ۔

اس بہتری کے بعد پیاس پاکستان کی تیسری اعلیٰ ترین درجہ بندی رکھنے والی یونیورسٹی بن گئی ہے جو ملک کے تعلیمی اور تحقیقی شعبے کے لیے قابل فخر لمحہ ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026 کا کامیابی سے انعقاد، 120 سے زائد منصوبے پیش

ادارے کی اس کامیابی کو اس کی مسلسل محنت، اعلیٰ معیار کی تعلیم، جدید تحقیق اور سائنسی جدت کے فروغ کے عزم کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔

پیاس ملک میں انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز کے شعبوں میں تحقیق و ترقی کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں طلبہ کو جدید سائنسی تقاضوں کے مطابق تعلیم اور عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔

ادارے نے حالیہ برسوں میں تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے، بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور تعلیمی ماحول کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جس کے مثبت نتائج اب عالمی درجہ بندی میں سامنے آ رہے ہیں ۔

کیو ایس رینکنگ میں اس طرح کی بہتری نہ صرف ادارے کی ساکھ کو مضبوط کرتی ہے بلکہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سائنسی تربیتی پروگرام کے تحت پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے صالح آصف فوربز ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل

اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو آئندہ برسوں میں پاکستانی جامعات عالمی سطح پر مزید بہتر پوزیشن حاصل کر سکتی ہیں یہ کامیابی پیاس کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اسے پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے ۔