وزیراعظم

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے مستعفی ہونے کا امکان ، برطانوی میڈیا

برطانیہ کے سیاسی منظرنامے سے اس وقت کی سب سے بڑی اور سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے ، جہاں شدید ترین اندرونی سیاسی بحران کے باعث وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے مستعفی ہونے کا امکان ہے ۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق چومکھی لڑائی میں گھرے وزیراعظم کیئر اسٹارمر پر اپوزیشن سے زیادہ ان کی اپنی ہی جماعت کا دباؤ بڑھ چکا ہے، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ وہ کل (پیر کے روز) باقاعدہ طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے ۔

رپورٹس کے مطابق  وزیراعظم اسٹارمر کو اس وقت اپنی سیاسی تاریخ کے شدید ترین اندرونی بحران کا سامنا ہے ۔ حکمران جماعت  ’’لیبر پارٹی ‘‘ کے اراکینِ پارلیمنٹ کی ایک بڑی تعداد نے ان کیخلاف علمِ بغاوت بلند کر دیا ہے ۔

پارٹی اراکین کی جانب سے وزیراعظم پر مسلسل یہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اب مزید اقتدار میں رہنے کے بجائے فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کے لیے ایک واضح اور حتمی ٹائم ٹیبل کا اعلان کریں تاکہ نئے قائد کا انتخاب کیا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایک اور برطانوی وزیر مستعفی،وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ، کیئر اسٹارمر کا ردعمل آگیا

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی کے اندر جاری یہ بغاوت اور دباؤ اس وقت ناگزیر حد تک بڑھ گیا جب اینڈی برنہم حالیہ الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کر کے پارلیمنٹ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ۔

اینڈی برنہم کی پارلیمان میں آمد نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے، جس کے بعد سے وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی سیاسی قیادت اور فیصلہ سازی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں ۔

پارٹی کا ایک بہت بڑا اور بااثر دھڑا اب فوری طور پر قیادت کی تبدیلی کے لیے بضد ہے اور وہ اینڈی برنہم کو آگے لانے کا خواہش مند دکھائی دیتا ہے ۔

اس اچانک بدلتی صورتحال نے برطانوی وزیراعظم کو بالکل تنہا کر دیا ہے ، جس کے باعث ان کا سیاسی مستقبل شدید خطرے میں پڑ چکا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کیخلاف لیبر پارٹی میں بغاوت،شبانہ محمود نے بھی مشورہ دیدیا

مبصرین کے مطابق، پیر کا دن برطانوی سیاست کے لیے انتہائی اہم ہوگا، جہاں ایک نئے سیاسی دور کا آغاز متوقع ہے ۔