لندن :برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر پر بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کے بعد سے 57 ارکان پارلیمان نے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ 3 ارکان پارلیمان نشستیں چھوڑ چکے ہیں،برطانوی وزیر داخلہ شبانہ محمود نے وزیراعظم کیئراسٹارمر کو استعفے کیلئے ٹائم لائن دینے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مستعفی ارکان پارلیمان نے وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے اور نئی قیادت کو موقع دینے کی تجویز دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امیگریشن سسٹم میں خامیاں دور کرنا ترجیح، والدین کے آزادکشمیر سے تعلق پر فخر ہے، شبانہ محمود
حکمراں جماعت لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب رکنِ پارلیمان نوشابہ خان نے کابینہ آفس کی پارلیمانی پرائیویٹ سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے حلقے کے عوام کے مفادات کو ترجیح دی اسی لیے یہ مشکل فیصلہ کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نئی قیادت کا مطالبہ کرتی ہوں تاکہ عوام کا اعتماد دوبارہ بحال کیا جاسکے اور وہ بہتر مستقبل فراہم کیا جاسکے جس کے لیے برطانوی عوام نے ووٹ دیا تھا۔
اس سے قبل وزیرِ صحت کے پارلیمانی معاون جوئے مورس بھی استعفیٰ دے چکے ہیں۔ انھوں نے بھی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم جلد مستعفی ہونے کے لیے واضح ٹائم ٹیبل دیں تاکہ نئی قیادت عوام کا اعتماد بحال کرسکے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے، توانائی بلوں میں کمی کا اعلان کر دیا
اسی دوران ماحولیاتی امور کے وزیر کے معاون ٹام رٹلینڈ نے بھی استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اب وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی قیادت پر اعتماد نہیں رہا، خاص طور پر ابھرتی ہوئی اوپزیشن جماعت ریفارم یوکے کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
وزیرِ داخلہ شبانہ محمود کی پارلیمانی معاون سیلی جیمسن نے بھی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے استعفے کے لیے ٹائم لائن دینے کا مطالبہ کیا ہے تاحال وزیراعظم اسٹارمر یا ان کے دفتر کی جانب سے ان استعفوں پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں انگلینڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران لیبر پارٹی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور اسے 1300 سے زائد نشستوں پر شکست ہوئی۔




