نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہوگئےہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار قاہرہ میں منعقد ہونے والے “آر فور” (R4) گروپ کے چوتھے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے، جہاں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت سیکیورٹی کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پانی کا بطور ہتھیار استعمال امن کیلئے سنگین خطرہ،اسحاق ڈار، عالمی برادری کو آگاہ کردیا
نائب وزیراعظم اس اہم سفارتی دورے کے موقع پر شریک ممالک کے اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں باہمی تعلقات پر بات ہو گی۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے خصوصی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور مصر کے مابین دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورت حال اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو متوقع ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے قاہرہ میں علاقائی سلامتی کے اہم ترین موضوع پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور مشاورت کے لیے اس بیٹھک کا فیصلہ کیا ہے۔




