پاک فوج میں بغاوت پر اکسانے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے: کشمیری قیادت کا بڑا مطالبہ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے مقتدر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ ایک کالعدم ایکشن کمیٹی عمومی مسائل کا سہارا لے کر دراصل ریاست مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کے باسیوں اور پاکستان کے درمیان قائم محبت کے دیرینہ رشتے کو کسی صورت کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ پریس کانفرنس کے دوران قائدین نے پرزور مطالبہ کیا کہ مسلح افواج میں سرکشی اور بغاوت کی باتیں کرنے والے عناصر کو چوک پر لٹکایا جائے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور دیگر اہم رہنماؤں نے خطے کی حالیہ سیاسی و امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

معصوم شہریوں کو بھڑکانے کی کوشش اور اسپتالوں پر حملے:

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد نے کہا کہ کشمیر کے غیور عوام دل سے محب وطن ہیں، مگر مٹھی بھر مفاد پرست عناصر انہیں ریاستِ پاکستان کے خلاف بھڑکانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جس کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم کمیٹی خطے میں فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتی ہے، حالانکہ عام شہریوں کو ہر معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ موجودہ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے خطے کے پرامن عوام میں بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر : کالعدم ایکشن کمیٹی کا بائیکاٹ ایجنڈا ناکام،انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں

سردار عتیق احمد نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان نے اب تک ہر معاملے میں انتہائی تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے والے قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں پائیں گے۔ انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہماری فوج اپنے بہترین نظم و ضبط کی وجہ سے ایک مضبوط اور منظم ادارہ ہے، اور کشمیری عوام نے انتشار پھیلانے والے اس مخصوص ٹولے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ ان تخریب کار عناصر نے انسانیت کا لحاظ کیے بغیر اسپتالوں تک کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ دفاعی اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے کشمیری بیٹوں کو بھی بغاوت پر اکسانے کی ناپاک کوشش کی گئی، جو کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ اسی موقع پر انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ حکومتِ پاکستان نے آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سستا آٹا اور سستی بجلی فراہم کی ہے۔

مزید پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کا سرکس بند،شاطروں کا کھیل اب ختم ہوچکا، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور

ریاست دشمن بیانیے کے ویڈیو ثبوت :

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی خاتون رہنما نبیلہ ایوب نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی ہماری ملکی سرحدوں کا اصل محافظ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اداروں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو یہ اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ اب ریاست ان کے خلاف کوئی نرمی نہیں برتے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان دشمن ایجنڈا چند گنے چنے لوگوں کا ہے، جس سے عام کشمیری کا کوئی لینا دینا نہیں، اس لیے معصوم شہریوں کو ان شرپسندوں سے خود کو فوری الگ کر لینا چاہیے۔

اس اہم پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سامنے ایک تفصیلی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بدترین تشدد اور ریاست مخالف نعرے بازی کے ناقابلِ تردید ثبوت پیش کیے گئے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کس طرح عوامی حقوق کے نام پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے۔