موسم

کل سے کہاں کہاں بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے 16سے 20جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور کی پیشگوئی کردی ہے جب کہ اس دوران مختلف علاقوں میں موسم کی صورت حال غیر مستحکم رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 20 جون تک برقرار رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 سے 22 جون کے دوران وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی وسطی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں یہ موسمی نظام فعال ہوگا۔

پنجاب اور اسلام آباد میں 16 سے 20 جون کے دوران مختلف مقامات پر گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور دیگر اضلاع شامل ہیں، بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں 16 سے 20 جون کے دوران مختلف اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے۔

بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی 16 سے 20 جون کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

سندھ کے بالائی علاقوں میں 16 سے 20 جون کے دوران گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ کراچی اور گردونواح میں اس دوران گرد آلود طوفان کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گرج چمک کے ساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے بڑا الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات نے ممکنہ اثرات کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہوائیں اور ژالہ باری کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا امکان بھی موجود ہے۔ کسانوں کو فصلوں کے انتظامات موسم کے مطابق کرنے جب کہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔