کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف 81مقدمات درج،425شرپسند گرفتار، آزادکشمیرپولیس

آزادکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ کا لعدم جو ائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں کی بدولت لا انفورسمنٹ فورسز کے 4 اہلکارشہید اور 89 زخمی ہوئے جبکہ شر پسند عناصر کی جانب سے سی ایم ایچ راولاکوٹ کی توڑ پھوڑ ، مریضوں پر تشدد کے واقعات کے علاوہ براہ ر است فائرنگ کے نتیجہ میں APC پر 30 کے قریب گولیوں کے نشان کے ساتھ APC کے 2عدد ٹائر بھی فائر مار کر پھاڑے گئے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے راولاکوٹ میں موجود شر پسند عناصر کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے لا انفورسمنٹ فورسز کی معقول تعداد موجود ہے جو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بحال رکھنے کے لئے دن رات مصروف کار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے رویوں سے مایوس نوجوانوں کی گھر واپسی کے خواہشمندہیں ، آزادکشمیرپولیس

پولیس کے مطابق بھمبر، میر پور ،کوٹلی ،سدھنوتی، حویلی، باغ، جہلم ویلی ،مظفرآباد اور نیلم میں حالات نارمل ہیں کہیں شٹر ڈاون اور کہیں معمولی پہیہ جام ہے۔

پولیس کی جانب سے کاروبار کرنے والوں اور گاڑی مالکان کو عمل تحفظ دیا جارہا ہے جس کے باعث کاروبار زندگی اورٹریفک رواں دواں ہے۔ اس کا کریڈٹ پولیس کے ساتھ امن پسند عوام کو بھی جاتا ہے۔

ترجمان کے مطابق کالعدم جوائٹ عوامی ایکشن کمیٹی میں کے شرپسندوں کے خلاف 2026-06-06 سے 2026-06-14 کے دوران کل 81 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ان مقدمات میں ملوث ملزمان میں سے 425 شر پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ نا جائز 15 خود کار ہتھیار بمعہ ایمونیشن، آہنی مکے،واکی ٹاکی سیٹ ، حساس آلات ، دستاویزات وغیرہ برآمد ہو چکے ہیں، علاوہ ازی ازیں کا لعدم ایکشن کمیٹی کے 400 سے زائد شر پسند ممبران / کارکنان کے نام فورٹھ شیڈول پر درج کروائے جارہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر پولیس اور دیگر لا انفورسمنٹ فورسز کی بہترین حکمت عملی کے نتیجہ میں مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ اضلاع کے درمیان ٹریفک کی آمد ورفت جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس اوپن ہیں اور ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بحال ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ، پولیس کی فلیگ مارچ پارٹی پرکالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی اندھا دھند فائرنگ، 30 سے زیادہ کلاشنکوف کی 7.62 ایم ایم کی گولیاں اے پی سی کو جا لگیں

ترجمان کا کہناہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ پر امن رہیں، افواہوں پر یقین نہ کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، حساس مقامات اور غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں کسی بھی کالعدم یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تنظیم سے دوری اختیار کریں۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمی ، مسلح افراد، اشتعال انگیز منصوبہ بندی یا امن عامہ کو متاثر کرنے کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانہ یا ضلعی انتظامیہ کو دیں۔