معجزہ

ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 دن لاپتہ رہنے والا نیپالی کوہ پیما زندہ مل گیا

کٹھمنڈو: نیپال میں دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر ایک ایسا معجزہ ہوا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ۔

داوا نامی ایک مقامی نیپالی کوہ پیما (شرپا) پہاڑ پر 6دن تک لاپتہ رہنے کے بعد زندہ مل گیا ہے ۔ یہ واقعہ اس حد تک غیر متوقع تھا کہ داوا کے گھر والوں نے یہ سمجھ لیا تھا کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے اور انہوں نے ان کی آخری رسومات کی تیاریاں بھی شروع کر دی تھیں  لیکن کہتے ہیں  جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ۔

داوا نے ہسپتال سے اپنے اس خوفناک تجربے کی کہانی سناتے ہوئے بتایا کہ وہ اصل میں راستہ نہیں بھولے تھے بلکہ بلندی پر اچانک ان کا آکسیجن سلینڈر ختم ہو گیا تھا ۔

آکسیجن نہ ہونے کی وجہ سے ان کے لیے آگے بڑھنا یا نیچے اترنا ناممکن ہو گیا، جس کی وجہ سے وہ ایک ہی جگہ رکنے پر مجبور ہو گئے۔اس شدید سردی اور برفانی طوفان کے ماحول میں انہوں نے چھ دن گزارے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کوہ پیمائوں نے ماؤنٹ ایورسٹ پر نئی تاریخ رقم کردی، عالمی ریکارڈ قائم

ان کے پاس کھانے پینے کا کوئی سامان نہیں تھا، اس لیے انہوں نے اپنی جیب میں رکھی ہوئی چند چاکلیٹس کھائیں اور پیاس بجھانے کے لیے برف چبا کر وقت گزارا ۔

خوش قسمتی سے ریسکیو ٹیم ان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی اور انہیں فوری طور پر کٹھمنڈو کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ڈاکٹروں کے مطابق، اتنے دن برف میں بھوکے پیاسے رہنے کی وجہ سے داوا کے جسم میں پانی کی شدید کمی (ڈی ہائیڈریشن) ہو چکی ہے ۔

اس کے علاوہ وہ فروسٹ بائیٹ (شدید سردی سے جسم کے حصے سن ہو جانا) کا شکار ہوئے ہیں اور ان کی ایک ہڈی بھی ٹوٹ چکی ہے ۔ ہسپتال میں ان کا پورا علاج کیا جا رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جنوبی قطب تک اسکینگ، کوہ پیما ثمینہ بیگ نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

یاد رہے کہ ہر سال دنیا بھر سے سینکڑوں ایڈونچر کے شوقین لوگ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے نیپال آتے ہیں ۔ یہ راستہ انتہائی خطرناک ہے اور یہاں موسم سیکنڈوں میں بدل جاتا ہے، جس کی وجہ سے کئی کوہ پیما اپنی جانیں گنوا بیٹھتے ہیں ۔ ایسے ماحول میں داوا کا چھ دن بعد زندہ ملنا ایک سچا معجزہ ہے ۔