ایرانی فوج

ایرانی فوج نے امریکی صدر ٹرمپ کا آج معاہدے پر دستخط کا دعویٰ مسترد کر دیا

تہران : ایرانی فوج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ دعویٰ پوری طرح مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آج دونوں ممالک کے درمیان ایک نئے معاہدے پر دستخط ہونے جا رہے ہیں ۔

ایرانی پاسداران انقلاب فورس نے اس حوالے سے ایک اہم وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی طرف سے مذاکرات کرنے والی ٹیم پہلے ہی یہ صاف کر چکی ہے کہ اتوار کے دن کسی بھی قسم کے معاہدے یا ڈیل پر دستخط نہیں کیے جائیں گے ۔

ایرانی پاسداران انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس اہم معاہدے پر دستخط کی تقریب 14 جون کو کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اس دن ان کی سالگرہ ہے ۔

ایرانی فوج کے مطابق ٹرمپ اس خاص موقع کو اپنے حق میں استعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس کو ایک علامتی اہمیت دے کر دنیا بھر میں اپنی ذاتی تشہیر کا بڑا پروگرام بنا سکیں ۔ ایران کا ماننا ہے کہ امریکا اس معاملے کو سیاسی رنگ دے رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کیساتھ معاہدے پر آج دستخط کر دئیےجائیں گے : صدر ڈونلڈ ٹرمپ

اس سے پہلے واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بڑا اعلان کیا تھا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط آج ہی کے دن ہوں گے ۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس امن معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کا اہم سمندری راستہ تمام دنیا کی تجارتی نقل و حرکت کے لیے فوری طور پر کھول دیا جائے گا ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب خطے میں مکمل امن اور سکون قائم ہو جائے گا، تو امریکا مناسب وقت پر جا کر وہاں سے جوہری مواد کی باقیات بھی حاصل کر لے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تہران نےامریکی صدر ٹرمپ کے مذاکراتی دعوؤں کو مسترد کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے اُمید ظاہر کی تھی کہ یہ سارا عمل بہت جلد اور انتہائی آسانی کیساتھ مکمل ہو جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ امریکا، ایران اور پورے مشرق وسطیٰ کیساتھ مستقبل میں ملکر کام کرنے کا منتظر ہے ۔