ہاکی ٹیم

قومی ہاکی ٹیم کو بیلجیئم نے ایک کے مقابلے میں 7 گول سےشکست دیدی

ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ برقرار ہے، جہاں بیلجیئم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے بدترین شکست دے دی ہے ۔

بیلجیئم کے شہر اینٹورپ کے ‘بیلفوس ہاکی ایرینا’ میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور گرین شرٹس پر دباؤ بڑھا دیا ۔

کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں بیلجیئم کے نیلسن او نانا نے ایک خوبصورت فیلڈ گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ یہ برتری پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی ۔

دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے سخت دفاع دیکھنے میں آیا اور کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی، یوں ہاف ٹائم تک اسکور 0-1 ہی رہا ۔

ہاف ٹائم کے فوراً بعد تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی پاکستان کے رانا وحید نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول اسکور کیا اور مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا قومی ہاکی ٹیم کے لیے بڑا اعلان؛ کھلاڑیوں میں لاکھوں روپے تقسیم ہوں گے

اس گول نے پاکستانی مداحوں میں جیت کی امیدیں جگا دیں، تاہم یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی ۔

مقابلہ برابر ہونے کے بعد میزبان بیلجیئم نے انتہائی جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور پاکستانی دفاعی لائن کو تہس نہس کر دیا ۔

بیلجیئم نے یکے بعد دیگرے مسلسل 6 گول داغ کر پاکستان کو میچ سے مکمل طور پر باہر کر دیا ۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ٹوبیاس بیکین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو گول اسکور کیے ۔

پرو ہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کی یہ مسلسل نویں شکست ہے، جو قومی ہاکی کے زوال کی واضح عکاسی کرتی ہے ۔ پاکستانی ٹیم اب اس مایوس کن شکست کو پیچھے چھوڑ کر کل اسپین کے خلاف میدان میں اترے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی ہاکی ٹیم نے مینجمنٹ کیخلاف بغاوت کر دی، حکومت سے نوٹس کا بھی مطالبہ کردیا

کھیل کے پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اسپین کے خلاف میچ میں کم بیک کرنے کے لیے گرین شرٹس کو اپنے دفاعی نظام اور فارورڈ لائن میں بڑی تبدیلیاں کرنا ہوں گی ۔