اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل )حکومتِ آزاد جموں کشمیر نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
حکومت نے کالعدم تنظیم ’جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی‘ (جے اے اے سی) سے تعلق رکھنے والے 4 انتہائی مطلوب افراد کی گرفتاری میں معاونت فراہم کرنے والے شہری کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے 9 جون 2026 کو جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں کشمیر نے ’پولیس رولز 1934‘ کے باب 15 کی شق 15.18 کے تحت اس بھاری انعام کی منظوری دی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی کال :پلندری سے نوجوان کا کشمیری نوجوانوں کے نام اہم پیغام
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جو بھی شخص ایسی ٹھوس معلومات فراہم کرے گا جن کی بنیاد پر نامزد ملزمان کی کامیاب گرفتاری عمل میں آئے گی، وہ اس تعاونی رقم کا حقدار ٹھہرے گا۔
مطلوب افراد کی تفصیلات
حکومت کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں شامل چاروں افراد ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں۔ ان کے نام اور پتے درج ذیل ہیں۔
شوکت نواز میر ولد حبیب اللہ میر (رہائشی: بینک روڈ، مظفرآباد)، عمر نذیر کشمیری ولد محمد نذیر خان (رہائشی: پوتھی مکوالاں، ضلع پونچھ)، خواجہ مہران ارشد ولد خواجہ ارشد (رہائشی: ڈڈیال، ضلع میرپور)، سردار امان خان ولد محمد ادریس (رہائشی: گورہ پلندری، ضلع سدھنوتی)
عوام الناس کے تحفظ اور بلاخوف و خطر معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ نے اہم اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے کامیاب مخبر کا نام اور شناخت ’مکمل طور پر خفیہ‘ رکھی جائے گی تاکہ ان کی جان و مال کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیصل گیلانی کا کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
ذرائع کے مطابق اس نوٹیفکیشن کی نقول محکمہ اطلاعات، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اور دیگر تمام متعلقہ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ حکومت نے آئی جی پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان مفرور افراد کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور کارروائی کو تیز کریں۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ سخت اقدام ریاست میں امن و امان کے قیام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو مؤثر بنانے اور اشتہاری و مطلوب افراد کو کٹہرے میں لانے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔




