فیفا کی جانب سے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے نامزد ریفری کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا۔
صومالی ریفری عمر عبدالقادر آرتان کو میامی ائیرپورٹ پہنچنے پر داخلے کی اجازت نہ مل سکی اور انہیں امریکا سے واپس بھیج دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ میں کونسی ٹیمیں مضبوط ہیں اور ٹرافی کی مالیت کتنی ہے؟
امریکی حکام نے ریفری کو ترکیہ واپس جانے والی پرواز پر بٹھا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر عبدالقادر آرتان کو 2025 کا بہترین افریقی ریفری قرار دیا گیا تھا۔ صومالی سفارتخانے نے ریفری کو سفارتی پاسپورٹ بھی فراہم کیا تھا۔
واضح رہے کہ دنیائے کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ فیفا فٹبال ورلڈکپ کا آغاز 12 جون سے ہوگا۔
امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ پہلا فٹبال ورلڈکپ ہے جس میں 48 ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں شریک 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ 4 ٹیموں پر مشتمل ہے جبکہ مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو امریکا میں قیام کی اجازت نہیں مل سکی جس کے باعث ٹیم اپنے میچز کے لیے میکسیکو سے امریکا کا سفر کرے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی ٹیم میچ کے روز میکسیکو سے امریکا روانہ ہوگی اور میچ کھیلنے کے بعد دوبارہ میکسیکو واپس آ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریاں مکمل: 48 ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان، 1248 کھلاڑیوں کی ریکارڈ شمولیت
ورلڈ کپ کے لیے ایران نے اپنا تربیتی بیس کیمپ میکسیکو کے شہر تیجوانا میں قائم کیا ہے جہاں ٹیم حال ہی میں پہنچ چکی ہے۔
ایران کے گروپ مرحلے کے میچز امریکا شہروں لوس اینجلس اور سیٹل میں کھیلے جائیں گے۔ تیجوانا سے لاس اینجلس کی پرواز تقریباً 45 منٹ سے ایک گھنٹے جبکہ سیٹل کی پرواز تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے پر مشتمل ہے۔



