اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے مرغی کے گوشت اور فارمی انڈوں کی نئی سرکاری ریٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے تحت برائلر گوشت کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ریٹ لسٹ کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت میں 7 روپے فی کلو کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی سرکاری قیمت 570 روپے فی کلو مقرر ہو گئی ہے۔
زندہ برائلر اور فارمی انڈوں کی سرکاری قیمتیں:
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ کمیٹی نے زندہ برائلر مرغی کی ہول سیل قیمت 379 روپے فی کلو طے کی ہے، جبکہ پرچون یعنی ریٹیل سطح پر اس کی قیمت 393 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی معاشی بے یقینی : پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، وزیر خزانہ کا انتباہ
دوسری جانب فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 267 روپے فی درجن پر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ انڈوں کی پیٹی کی ہول سیل قیمت 7,890 روپے متعین کی گئی ہے۔
مارکیٹ میں گرانفروشی اور شہریوں کی شکایات:
سرکاری سطح پر قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ اور کمی کے باوجود شہریوں نے مارکیٹ میں دکانداروں کی جانب سے گرانفروشی اور اضافی رقم وصول کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے برائلر گوشت 650 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں، جو کہ سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کی سخت چیکنگ اور مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری ریٹ پر اشیاء کی فراہمی ممکن ہو سکے۔




