کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر محسن خلیل نے گرفتاری دیدی ہے اور اپنے ویڈیو بیان میں اس بات کا عزم کیا ہے کہ وہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا مزید حصہ نہیں رہے گا۔
میرپور سے تعلق رکھنے والے محسن خلیل کا کہنا تھا کہ ہم 3سال جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ رہے اور ہم عوامی حقوق کی جدوجہد کررہے تھے، حالیہ پرتشدد واقعات پر میں سمجھتا ہوں کہ اس تحریک سے علیحدگی اختیارکی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کر دیا،آئی جی لیاقت علی ملک
محسن خلیل نے عوام سے موجودہ صورتحال میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کی اپیل کی اواپنے علاقے کھڑی، منگلا اور میرپور کے لوگوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اس وقت جو صورتحال چل رہی ہے، جس طرف عوامی ایکشن کمیٹی نکل گئی ہے، اس کا مزید حصہ نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انسانی جانوں کا ضیاع بچاناہوگا۔
قبل ازیں بھمبر سے تعلق رکھنے والےکالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کور کمیٹی رکن توصیف جرال نے بھمبر میں خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے سرینڈر کیا تھا۔
توصیف جرال کا کہنا ہے کہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کا مزید حصہ نہیں رہ سکتے کیونکہ تنظیم کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد اس کی سرگرمیاں اپنے بنیادی مقاصد سے ہٹ چکی ہیں۔
ان کے مطابق وہ عوامی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے مقصد کے تحت اس تحریک سے وابستہ ہوئے تھے، تاہم اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ تنظیم کی قیادت کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی غیر ملکی سوشل میڈیا کی حمایت، ریاست مخالف عزائم بے نقاب
انہوں نے کہا کہ وہ کسی ایسی تنظیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے جو عوام کے مفادات کے بجائے انتشار یا نقصان کا باعث بنے۔
توصیف جرال کے مطابق اسی وجہ سے انہوں نے خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔




