ہیٹ ویو

7 سے 12 جون ہیٹ ویو : محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

اسلام آباد(کشمیرڈیجیٹل) محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے 7 سے 12 جون کے دوران ملک میں ہیٹ ویو (شدید گرمی کی لہر) کی صورتحال سے خبردار کیا ہے ۔

پی ایم ڈی کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان پہنچ سکتا ہے ۔

شمالی خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر اور سوات کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد میں 8 سے 10 جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشیں ، اگلے 24 گھنٹے اہم قرار

پنجاب کے بیشتر اضلاع جن میں لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، بہاولنگر، بھکر، لیہ اور کوٹ ادو شامل ہیں، 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

سندھ کے اضلاع سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجو داڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، سبی، تربت اور پنجگور میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں 8 سے 12 جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے ۔

پی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرد و غبار کے طوفان بھی آ سکتے ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے عوام، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی زرعی سرگرمیوں کو ترتیب دیں اور مویشیوں کا خاص خیال رکھیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

مزید کہا گیا ہے کہ شہری صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ میں غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں کیونکہ اس دوران ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ پی ایم ڈی کے مطابق اس دوران بجلی کی طلب اور کھپت میں بھی اضافہ متوقع ہے ۔