مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ہلکی پھوہار کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے، آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید دلکش بنا دیا ہے ۔
بارش کے بعد شہریوں نے گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی اور مختلف علاقوں میں موسم سے لطف اندوز ہونے کے مناظر دیکھے گئے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ نے بتایا ہے کہ بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے ۔
دوسری جانب ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر : آندھی، طوفان،بارشیں،طغیانی ،ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ادارے کے مطابق گزشتہ بارشوں کے باعث پہلے ہی کچھ علاقوں میں زمینی کٹاؤ اور پھسلن کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے ۔
ایس ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خاص طور پر پہاڑی اور خطرناک راستوں پر احتیاط کا مظاہرہ کریں ۔
ندی نالوں کے قریب جانے اور پانی کے بہاؤ کو عبور کرنے سے بھی سختی سے منع کیا گیا ہے۔مقامی انتظامیہ نے بھی متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائی کی جا سکے ۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان، پختونخوا میں طوفانی بارشیں، گلیشیئر پھٹنے، سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری
حکام نے مزید کہا ہے کہ شہری موسم کی صورتحال کے دوران مقامی انتظامیہ اور ہنگامی اداروں کی ہدایات پرمکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکے ۔




