پاکستان فٹبال فینز کا طویل انتظار ختم ہوا، پاکستان ٹیم نے فٹبال کے میدان میں کامیابی حاصل کرلی۔
مالدیپ میں جاری ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے میزبان ملک کو 0-3 سے شکست دی، پاکستان کے جانب سے عمر نواز، عبدالصمد ارشد اور ہارون حامد نے گول اسکور کئے ۔
یہ بھی پڑھیں:جونیئر ایشیا کپ ہاکی: پاکستان بنگلادیش کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں داخل
مالے میں جاری ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش سے مقابلہ برابر کرنے کے بعد پاکستان ٹیم پر مالدیپ کے خلاف میچ ہر حال میں جیتنے کا دبائو تھا۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور جب ریفری نے وقفے کی سیٹی بجائی تو مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہاتاہم دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم نے پھرتی کا مظاہرہ کیا۔
54 ویں منٹ میں پاکستان کے نوجوان عمر نواز نے گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔ یہ عمر نواز کا پاکستان کے جانب سے دوسرا میچ تھا اور وہ پہلی مرتبہ اسٹارٹنگ الیون کا حصہ بنے تھے ۔
یاد رہے کہ عمر نواز کے بھائی حارث نواز 2014 کے سانحہ اے پی ایس میں شہید ہوئے تھے جبکہ دوسرے بھائی احمد نواز اس واقعے میں شدید زخمی ہوئے تھے جس کے بعد 1015میں عمر نواز فیملی کے ساتھ برطانیہ منقل ہوئے تھے اور وہیں اپنے فٹبال کا سفر شروع کیا۔
84 ویں منٹ میں عبدالصمد نے گول کرکے مقابلہ 0-2 کیا اور 3 منٹ بعد ہارون حامد نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 0-3 کردیا اور اس ہی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:فٹبال ورلڈ کپ ، فیفا نے ایرانی ٹیم کو بڑی پیشکش کردی
یہ مالدیپ کے خلاف پاکستان کی 1991 کے بعد پہلی انٹرنیشنل فٹبال کامیابی ہے ۔ ساتھ ساتھ پاکستان فٹبال ٹیم نے بھی فتحوحات سے محرومی کا موجودہ سلسلہ 961 دن کے انتظار کے بعد ختم کیا۔
پاکستان ٹیم نے اس سے قبل آخری میچ 17 اکتوبر 2023 کو کمبوڈیا کے خلاف جیتا تھا۔ پاکستان ٹورنامنٹ کا آخری پول میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا اور ٹاپ ٹو میں جگہ برقرار رکھنے کی صورت میں پاکستان ٹیم 10 جون کو فائنل کھیلے گی۔



