اسلام آباد: پاکستان کی انڈر 18 ہاکی ٹیم نے بنگلادیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جاپان میں کھیلے جا رہے اس ایونٹ کے پول بی کے آخری اور اہم میچ میں قومی شاہینوں نے حریف ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے عبرتناک شکست دی۔
میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں پاکستان کے عبداللہ نے شاندار گول داغ کر ٹیم کو برتری دلائی، تاہم بارہویں منٹ میں بنگلادیش کے منا اسلام نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ کھیل کے دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے دفاعی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی اور کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ تیسرے کوارٹر میں عدیل نے پاکستان کی طرف سے دوسرا گول کر کے پوزیشن مضبوط کی، لیکن صرف تین منٹ بعد ہی بنگلادیش نے ایک بار پھر اسکور برابر کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شائقین کیلئے خوشخبری، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں رواں ماہ 2مرتبہ مدمقابل ہونگی
میچ کے 39 ویں منٹ میں پاکستان کو ایک اہم پنالٹی اسٹروک ملا، جسے حیدر اعصام نے بغیر کوئی غلطی کیے گول میں تبدیل کر کے ٹیم کو دوبارہ برتری دلا دی۔ اس کے بعد پاکستانی فارورڈز نے بنگلادیشی دفاع کو تہس نہس کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے شاندار حملے کیے۔ میچ کے آخری لمحات میں عبداللہ اعوان اور محمد یحییٰ نے خوبصورت فیلڈ گولز اسکور کر کے پاکستان کی جیت پر مہر لگا دی اور مقابلہ 2-5 سے اپنے نام کر لیا۔
اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں جگہ پکی کر لی ہے۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل جمعہ (کل) کو کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت سے ہوگا، جس کے لیے شائقینِ ہاکی میں شدید جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔



