حافظ حمد اللہ کئی گھنٹوں سے لاپتہ، پارٹی کارکنوں، فیملی میں تشویش کی لہر

کوئٹہ(کشمیر ڈیجیٹل) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ کیساتھ پارٹی کارکنوں اور خاندان کا کئی گھنٹوں تک رابطہ نہ ہونے کی اطلاعات سامنےآگئیں۔

حافظ حمد اللہ کے اچانک غائب ہونے سے پاکستان بھرکے عوامی ، سیاسی حلقوں اور پارٹی کارکنوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔کئی گھنٹوں سے رہنما حافظ حمد اللہ کیساتھ رابطہ نہیں ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق حافظ حمداللہ کے صاحبزادے حافظ خلیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کا موبائل فون بند آ رہا ہے اور ان کے ساتھ موجود ساتھیوں سے بھی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری،جمہوری ادارے مضبوط کرنے پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ حافظ حمداللہ آج بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے گئے تھے، تاہم چند گھنٹوں سے ان سے کوئی رابطہ قائم نہیں ہو سکا جس کے باعث اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں میں تشویش پیدا ہوئی۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زیارت سے رابطہ کیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر زیارت نے مولانا عبدالغفور حیدری کو آگاہ کیا کہ حافظ حمداللہ محفوظ مقام پر موجود ہیں اور ان کی خیریت سے متعلق کوئی تشویش کی بات نہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آل پارٹیز کانفرنس اختتام پذیر،مہاجرین نشستوں معاملے پر اسمبلی اجلاس کل طلب

واقعے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد جے یو آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے حافظ حمداللہ کی جلد از جلد عوامی سطح پر موجودگی اور رابطے کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

پارٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی تھیں، تاہم انتظامیہ کے بیان کے بعد صورتحال کسی حد تک واضح ہو گئی ہے۔

مزید تفصیلات اور سرکاری وضاحت سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔