مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کے ساتھ ہونے والا معاہدہ جس پر وفاقی حکومت، آزاد کشمیر کی قیادت اور متعلقہ فریقین کے دستخط موجود ہیں اب پتھر پر لکیر بن چکا ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ اس معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے یا اسے سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین نشستوں پر مذاکرات،عوامی ایکشن کمیٹی کا رویہ مثبت رہا،چوہدری یٰسین
انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے بھی اس معاہدے کو نقصان پہنچانے یا اس پر عملدرآمد سے گریز کرنے کی کوشش کی تو اس کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی، خواہ اس کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہو یا مسلم لیگ (ن) سے۔
وزیراعظم فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ صرف آزاد کشمیر حکومت ہی نہیں بلکہ وفاقی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ طے شدہ معاملات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اس معاہدے کے پیچھے ایک بڑی عوامی قوت موجود ہے اور دستخطوں سے قبل اسے وزیراعظم پاکستان کی منظوری بھی حاصل تھی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گرمی سے ستائے سیاحوں کا وادیٔ نیلم پر دھاوا؛ مقامی لوگوں نے گھروں کے دروازے بھی کھول دیے
اس معاہدے میں آزاد کشمیر اور پاکستان کی سیاسی قیادت شامل رہی، اس لیے اب اس پر عملدرآمد محض ایک حکومتی معاملہ نہیں بلکہ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی دیکھی گئی تو اس کے اثرات تمام سیاسی جماعتوں کو بھگتنا پڑیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے حکومت آزاد کشمیر اور دیگر متعلقہ فریق طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔




