ویرات کوہلی

ٹیم کیلئےفائدہ مند ہوا تو 2027 کاورلڈکپ ضرور کھیلوں گا : ویرات کوہلی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے مستقبل اور 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے پھیلنے والی قیاس آرائیوں پر اپنی خاموشی توڑ دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا نقطہ نظر واضح ہے اور وہ صرف اسی صورت میں کھیل جاری رکھیں گے جب انہیں محسوس ہو کہ وہ ٹیم کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

ان کے مطابق اگر انہیں لگے کہ وہ کسی بھی طرح ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں تو وہ ورلڈ کپ میں ضرور نظر آئیں گے، تاہم اگر انہیں خود کو بار بار ثابت کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو یہ ان کے لیے مشکل ہوگا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی فاسٹ بولر محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد اعزاز حاصل کرلیا

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کھیل کے ساتھ ایمان دار ہیں ، سخت محنت کرتے ہیں اور اپنے کیریئر میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر خدا کے شکر گزار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان سے یہ توقع کی جائے کہ وہ 40 اوورز تک فیلڈنگ کے دوران بھرپور انداز میں باؤنڈری سے باؤنڈری دوڑیں تو وہ بغیر کسی شکایت کے ایسا کریں گے ۔

ان کے مطابق ان سے بار بار 2027  میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق سوالات کیے جا رہے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے اپنا اہم ترین اجلاس قطر سے احمد آباد منتقل کر دیا

سابق کپتان نے کہا کہ اپنے جنون اور گھر یعنی کرکٹ کو چھوڑنا آسان نہیں ہوتا ۔ بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈ کپ کھیلنا ان کیلئے ہمیشہ ایک بڑا اعزاز رہا ہے اور وہ اب بھی کرکٹ کھیلنے کے خواہش مند ہیں ۔