چینی وزیر خارجہ سے ملاقات،پاک فوج سی پیک کی تعمیر کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی، فیلڈ مارشل

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اور علاقائی حالات جیسے بھی تبدیل ہوں پاک چین دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے، پاک فوج پاک چین تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ ایک اہم فورس رہی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:چین سے7ارب ڈالرز کے معاہدے،وزیراعظم کی سرمایہ کاروں کو مشترکہ منصوبوں کی پیشکش

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک چین لازوال اور آہنی دوستی پرپاکستان فخر محسوس کرتا ہے، حالیہ برسوں میں چین کا عالمی مقام اور اثر و رسوخ مسلسل بڑھا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ چینی صدر کے چار عالمی اقدامات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو نے عالمی امن اور ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نےکہا کہ پاک فوج سی پیک کی تعمیر کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ پاکستان ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر ثالث ہے، جس پر تمام فریق اعتماد کرتے ہیں، چین پاکستان کی کوششوں کو سراہتا اور ان کی حمایت کرتا ہے، امن کا حصول مشکل ہےلیکن بالآخر امن قائم ہو کر رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی اور علاقائی حالات جیسے بھی تبدیل ہوں پاک چین دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے، پاک فوج پاک چین تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ ایک اہم فورس رہی ہے۔