سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا ایک سے زائد حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان

مظفرآباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان کی پرائم منسٹر (پی ایم)گولڈ کپ کی اختتامی تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت ،۔

سابق وزیراعظم اور ہمراہ وزراء کا تقریب آمد پر ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی ، پارٹی کارکنان اور شائقینِ کرکٹ کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے شایان شان استقبال کیا گیا ۔

سابق وزیراعظم نے پی ایم گولڈ کپ کی گرینڈ فائنل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا رات کے اس پہر نڑول سٹیڈیم مظفرآباد میں ہزاروں افراد کو دیکھ کر یہ احساس ضرور ہوتا ہے کہ ہم ایک آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

ہم آزاد کشمیر کے لوگ فخر سے کہتے ہیں کہ ہم پاکستان ہیں اور جو حصہ آزاد ہو گا وہ بھی پاکستان ہو گا۔ ایک سال قبل مئی کے مہینے میں ہم سے چار گنا بڑے دشمن ملک بھارت نے پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی۔۔

ہماری بہادر مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرآت مند ولولہ انگیز قیادت میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران چند گھنٹوں میں دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے جس کی آج پوری دنیا معترف ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی: بڑا اپ سیٹ،راجہ ثاقب سمیت اہم شخصیات ذیشان حیدر کے قافلے میں شامل

ہمیں اپنی افواج پاکستان ، قومی سلامتی کے اداروں ، شہداء کی قربانیوں اور غازیوں کی بہادری پر فخر ہے جن کی بدولت آج ہم امن ، آزادی اور خوشحالی کی یہ فضا دیکھ رہے ہیں ۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ایم گولڈ کپ میں مقبوضہ کشمیر کی دو ٹیموں کی شرکت اس بات کا واضح پیغام ہے کہ آر پار کشمیری ایک ہیں اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزاد فضاؤں میں اسی طرح کھیلوں، ثقافتی سرگرمیوں اور خوشیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

آج مقبوضہ کشمیر میں خوف، جبر اور قید جیسا ماحول مسلط ہے جبکہ آزاد کشمیر میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بھرپور مواقع میسر ہیں ۔ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انوار الحق سے ان کی کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی مگر قبلہ کی سرکار میں ریاستی تشخص داؤ پر لگا ہوا تھا۔وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں ہر شعبے میں نمایاں اقدامات کئے ۔

آزاد کشمیر میں ہونے والی ترقی سیاسی حکومتوں اور جمہوری عمل کا نتیجہ ہے۔ ہر حکومت نے اپنے حصے کا کردار ادا کیا ۔ آزادکشمیر میں ترقی کا راستہ صرف سیاست ہے۔

بلدیاتی ادارے دنیا بھر میں تعمیر و ترقی کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں ہم نے بلدیاتی ادارے قائم کیے انکو مزید مضبوط کریں گے ۔ ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں ۔ اس بار ایک سے زائد حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت اور اس کی پراکسی بلوچ دہشتگردوں کے مکروہ عزائم ایک بار پھر بے نقاب ہوگئے،مینا مجید بلوچ

آپ اپنے ضمیر کے مطابق اپنے ووٹ کا فیصلہ کر سکتے ہیں سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں۔ جب میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے۔

ایک صحت مند معاشرہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے ہی جنم لیتا ہے۔ آزاد کشمیر کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور اگر انہیں اسی طرح مواقع ملتے رہے تو وہ دنیا بھر میں ریاست کا نام روشن کریں گے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم نے پی ایم گولڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، مشیر حکومت و چیئرمین پی ایم گولڈ کپ سردار احمد صغیر ، سی ای او فہد راٹھور اور انتظامی کمیٹی کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔

سابق وزیراعظم نے ایونٹ کے فائنل میچ میں بہترین کھیل پیش کرنے پر ونر ٹیم نیلم فالکنز کے لیے 3 لاکھ روپے اور رنر اپ سرینگر مارخورز کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔۔

جبکہ اختتامی تقریب میں پرفارم کرنے والے آزاد کشمیر پولیس بینڈ کے لیے ایک لاکھ ، گراؤنڈ سپورٹنگ اسٹاف کے لیے ایک لاکھ ، لوکل فوک سنگرز راجہ عمران اور شیخ باسط کیلئے پچاس ہزار فی کس جبکہ ٹورنامنٹ انتظامی کمیٹی کیلئے7 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

تقریب میں وزیر حکومت سید بازل علی نقوی ، سابق ممبر اسمبلی مسعود ممتاز راٹھور ، مشیر حکومت سردار احمد صغیر ، قومی کرکٹر برینڈ ایمبیسڈر پی ایم گولڈ کپ سعید اجمل ، سیکرٹری سپورٹس سردار عنصر یعقوب ، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین ، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید ،راجہ قمر الزمان، سی ای او پی ایم گولڈ کپ فہد راٹھور ، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز تنویر احمد مغل ،وائس چیئرمین پی ایم گولڈ کپ سید آفتاب گیلانی ، ڈی جی سپورٹس سمیت سیاسی و سماجی شخصیات ، انتظامی افسران ، سابق وزیراعظم کی پولیٹیکل ٹیم کے ممبران اور شائقینِ کرکٹ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔پروگرام کے آخر میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان، وزیر حکومت بازل نقوی، مشیر حکومت احمد صغیر، امتیاز شاہین، افتخار رشید چغتائی،مسعود راٹھور ، اور دیگر نے ایونٹ کو کامیاب بنانے والے منتظمین، فاتح ٹیم، کھلاڑیوں اور پروگرام سے وابستہ دیگر شخصیات میں شیلڈز تقسیم کیں۔