صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں فتنہ ہندوستان (ایف اے ایچ) کے دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنے کے بعد مایوسی میں مسافر ٹرین پر بزدلانہ حملہ کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ فورسز کے ہاتھوں مسلسل ناکامیوں اور بھاری نقصانات کے بعد دہشتگردوں نے اپنی وحشیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گاڑی کے ذریعے مسافر ٹرین پر خودکش حملہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں ہونے والے اس زور دار دھماکے کی وجہ سے ٹرین پٹری سے اتر گئی اور اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود بے بس اور معصوم مسافروں، جن میں خواتین، بچے اور بوڑھے افراد بھی شامل ہیں، کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے۔ یہ بزدلانہ کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ بلوچستان بھر میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں شدید ضربیں کھانے کے بعد دہشتگرد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی سکستھ روڈ پر میٹرو بس میں اچانک خوفناک آگ، مسافر معجزاتی طور پر بچ گئے!
سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں شکست اور دہشتگردوں کی مایوسی:
سیکیورٹی حکام کے مطابق فتنہ ہندوستان کے دہشتگردوں کو بلوچستان کے طول و عرض میں فورسز کے ہاتھوں پے در پے عبرتناک شکستوں اور شدید ترین نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا براہِ راست سامنا کرنے کی ہمت نہ ہونے کے باعث، بھارت کے مالی و لاجسٹک تعاون سے چلنے والے ان دہشتگردوں نے اپنی شدید مایوسی، بوکھلاہٹ اور فرسٹریشن میں سافٹ ٹارگٹس یعنی معصوم شہریوں اور بلوچستان کے پرامن عوام کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
دھماکے کی شدت اور جانی و مالی نقصانات:
پولیس حکام اور عینی شاہدین کے مطابق چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے اس دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ اس کی گونج سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ واقعے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم، پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ دھماکے کی براہِ راست زد میں آنے سے ٹرین کو جزوی نقصان پہنچا اور چار مسافر زخمی ہوئے، جبکہ دھماکے کی شدید لہر کے باعث آس پاس کھڑی 10 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
امدادی کارروائیاں اور فورسز کا فوری ایکشن:
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور وہاں بڑے پیمانے پر ریسکیو اور کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کو ٹرین سے بحفاظت نکالنے اور زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام تر امدادی کوششیں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔
دہشتگردوں کا اصل چہرہ اور ملکی عزم:
حکام کا کہنا ہے کہ معصوم اور نہتے شہریوں پر حملہ کر کے فتنہ ہندوستان (ایف اے ایچ) نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنا وہ بھیانک چہرہ بے نقاب کر دیا ہے جو ایک دہشتگرد پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے، جسے انسانیت، اسلام، بلوچ روایات یا معصوم جانوں کے تقدس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ اس طرح کے بزدلانہ حملے پاکستان کے غیور عوام اور بلوچستان کے بہادر شہریوں کے عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتے، جو دہشتگردی اور بیرون ملک سے سپانسر شدہ تشدد کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد کھڑے ہیں۔ واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
مزید پرھیں: بنوں میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام، میرانشاہ روڈ پر نصب بم ناکارہ بنا دیا گیا




