حجاج

حجاج قیام گاہوں، خیموں اور اہم مقامات کی تصاویر اپنے موبائل فون میں محفوظ رکھیں : حکومتی ہدایات

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کیلئے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفرِ حج کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ حجاج کرام کو کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچایا جا سکے ۔

حکومتی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ حجاج اپنے قیام گاہوں، خیموں اور اہم مقامات کی تصاویر اپنے موبائل فون میں محفوظ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر رہنمائی میں آسانی ہو اور راستوں کی شناخت ممکن ہو سکے ۔

اس کے ساتھ ہدایت کی گئی ہے کہ عازمین اپنے شناختی دستاویزات، بینک کارڈ اور ضروری معلومات کی تصاویر بھی موبائل میں محفوظ رکھیں تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسائی حاصل کی جا سکے ۔

مزید کہا گیا ہے کہ حجاج اپنے گروپ رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور روانگی سے قبل تمام ضروری ہدایات اور معلومات سے مکمل آگاہی حاصل کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عازمینِ حج کے لیے نئے انتظامی اور حفاظتی اقدامات متعارف

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں حج آپریشن روم یا متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی تاکید بھی کی گئی ہے ۔ وزارت کے مطابق ان ہدایات پر عمل کرنے سے حجاج کا سفر زیادہ منظم، محفوظ اور سہل بنایا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل بھی عازمین کو شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، جن میں چھتری، چشمہ، پانی کی بوتل اور روزمرہ استعمال کی ضروری ادویات ساتھ رکھنے پر زور دیا گیا تھا ۔

مزید یہ بھی کہا گیا تھا کہ آرام دہ سفر کے لیے ہلکا سامان رکھا جائے، جس میں اضافی احرام یا لباس، موبائل چارجر اور پاور بینک شامل ہوں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عازمینِ حج کے لیے سفری ہدایات جاری، ادویات ساتھ رکھنے اور بائیومیٹرک سے متعلق اہم الرٹ

حج انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر ضروری سامان ساتھ لے جانے سے گریز کیا جائے تاکہ سفر میں آسانی رہے اور عبادات سکون اور یکسوئی کے ساتھ ادا کی جا سکیں ۔