ایران جنگ میں اختلافات، قومی انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گیبارڈ مستعفی

امریکی قومی انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گیبارڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 30 جون 2026 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تلسی گیبارڈ فروری 2025 میں ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس مقرر ہوئی تھیں اور وہ امریکا کی 18انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نگرانی کی ذمہ دار تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش : ٹرمپ‘ نامی بھینسا سوشل میڈیا اسٹار بن گیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قریبی ساتھی سمجھی جانے والی تلسی گیبارڈ کے دور میں خارجہ پالیسی خاص طور پر ایران جنگ کے حوالے سے کئی متنازع مباحث بھی سامنے آچکے ہیں۔

اگرچہ تلسی گیبارڈ نے اپنے استعفے کی بنیادی وجہ شوہر کی بیماری کو بتایا ہے لیکن امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی مدتِ ملازمت کے دوران کئی داخلی اختلافات بھی سامنے آئے۔

بعض رپورٹس میں تو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کی ایران سے متعلق عسکری پالیسیوں اور بعض انٹیلی جنس معاملات پر مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں تھیں۔

مزید یہ بھی رپورٹ ہوا ہے کہ وہ بعض مواقع پر انتظامیہ کے جنگی موقف سے مختلف رائے رکھتی تھیں، جس کے باعث ان کی پوزیشن کمزور ہوئی۔

کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ان پر استعفیٰ دینے کے لیے دباؤ موجود تھا تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

اپنے استعفے میں انہوں نے کہا کہ وہ 30 جون 2026 کو اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گی کیوں کہ اب وہ اپنے شوہر کے ساتھ وقت گزارنے اور ان کی دیکھ بھال میں وقت صرف کرنا چاہتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کے لیے بڑا خطرہ قرار دی گئی طاقتوں میں پاکستان کا نام بھی شامل، امریکی انٹیلی جنس رپورٹ منظرعام پر آ گئی

تلسی گیبارڈ نے مزید بتایا کہ میرے شوہر کو میری زیادہ ضرورت ہے انھیں ہڈیوں کے کینسر کی ایک انتہائی نایاب اور سنگین قسم کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔

اپنے استعفیٰ میں تلسی گیبارڈ نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گزشتہ ڈیڑھ سال تک قومی انٹیلی جنس کی سربراہی کا موقع اور اعتماد دیا گیا جس پر شکر گزار ہوں۔