ون ڈے سیریز

آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز، شاہین آفریدی کپتان اورسلمان علی آغا نائب کپتان مقرر

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کیلئے16 رکنی قومی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس بار ٹیم کی قیادت نوجوان اور مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے سپرد کی گئی ہے جبکہ سلمان علی آغا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں ۔ ان کھلاڑیوں میں احمد دانیال، عرفات منہاس اور معاذ صداقت شامل ہیں ۔

وکٹ کیپر بیٹرز کے طور پر محمد غازی غوری اور روحیل نذیر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ، جس سے ٹیم میں نئے کمبی نیشنز آزمانے کا اشارہ ملتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سابق فاسٹ بولر محمد عامر برطانوی شہری بن گئے، پاسپورٹ جاری

دوسری جانب تجربہ کار اور سینئر کھلاڑیوں کی واپسی بھی اسکواڈ کا حصہ ہے ۔ بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان اور سفیان مقیم کو دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جس سے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں توازن پیدا ہونے کی توقع ہے ۔

تاہم کچھ اہم کھلاڑی انجری اور دیگر وجوہات کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے ۔  فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث ری ہیبلیٹیشن پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ عثمان خان علالت کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے ۔

گزشتہ اسکواڈ کا حصہ رہنے والے چند کھلاڑیوں کو اس بار ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے جن میں محمد رضوان، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حسین طلعت، وسیم جونیئر اور سعد مسعود شامل ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بنگلادیش کیخلاف شکست،شان مسعود کے مستعفی ہونے کا امکان

مجموعی طور پر یہ اسکواڈ نوجوانی اور تجربے کا امتزاج پیش کرتا ہے جس کا مقصد آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کیخلاف بہتر کارکردگی دکھانا اور مستقبل کے لیے ایک مضبوط کمبی نیشن تیار کرنا ہے ۔